لندن۔ 22 دسمبر (اے پی پی) انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی تازہ رپورٹ میں عراقی شہر موصل کے بچوں کی حالت زار کو مرکزی موضوع بنایا ہے۔ ایمنسٹی کے مطابق موصل میں جاری لڑائی کی وجہ سے ہر عمر کے بچوں کی بڑی تعداد صدمے کا شکار ہے ، انہوں نے اپنے سامنے اپنے رشتہ داروں یا اہل محلہ کو بے دردی سے قتل ہوتے دیکھا ہے۔ تنظیم کی ایک ماہر دوناتیلا روویرا نے شمالی عراق سے واپس آنے کے بعد یہ رپورٹ ترتیب دی ہے۔ اس میں واضح کیا گیا ہے کہ موصل انسانی بحران کے دہانے پر کھڑا ہے اور شہر کے تمام ہسپتالوں اور مراکز میں گنجائش سے زیادہ لوگ موجود ہیں۔