مولاناطاہر اشرفی کاپشاورمدرسہ کادورہ،شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا، طاہراشرفی

320

پشاور۔28اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کانمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی ومشرق وسطی مولاناطاہراشرفی نے کہاہے کہ دیرکالونی سپین جماعت سانحے میں شہید ہونے والے بچے پاکستان کے بچے ہیں،دشمن کے مذموم عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے، معصوم بچوں کونشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہے۔پشاورمیں معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش کے ہمراہ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مجھے فخر ہے کہ میں بھی مدرسے کا طالبعلم ہوں، ہمیں امید ہے کہ وطن عزیز اور اسلام کے دشمن ناکام ہونگے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان سانحہ دیرکالونی مدرسہ کے حوالے سے سارا دن معلومات لیتے رہے، وزیراعظم کل کے واقعے پر بہت رنجیدہ ہیں،اس طرح کے واقعات قوموں کو متحد کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن کی بات کررہے ہیں یہ پاکستان کو اس کی سزا دینے کی کوشش کی جارہی ہے، افغانستان میں گروہوں کو ہندوستان فنڈنگ کررہا ہے، فرقہ واریت پھیلانے کے لیے فنڈنگ کی جارہی ہے۔طاہراشرفی نے کہاکہ محرم سے پہلے بھی کوشش کی گئی پھر کراچی میں مولانا کو شہید کیا گیا، شہدا کے لواحقین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم شہدا کے خون کو ماتھے کا جھومر سمجھتی ہے، اس طرح کی سازشوں کا پہلے بھی مقابلہ کیا آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ٹارگٹ پاکستانی ہونا، انتہا پسندوں کے خلاف ہم ایک ہیں، افغانستان کے امن کو پاکستان کا امن سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں ہندوستان کے مذموم عزائم خاک میں مل گئے ہیں،ہم امن کے علمبردارہیں،پاکستان میں امن افغانستان میں امن سے مشروط ہے۔