مولانا سمیع الحق کی شہادت کے پیچھے پاکستان دشمن عناصر کارفرما ہیں، معاون خصوصی نعیم الحق

118

اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت کے پیچھے پاکستان دشمن عناصر کارفرما ہیں، مولانا سمیع الحق کی دین اور پاکستان کے لیے خدمات بے مثال ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق یقیناً ایک محب وطن پاکستانی رہنما تھے اوران کے والد شیخ الحدیث مولانا عبدالحق ایسی عظیم شخصیت تھے جن کے دستخط انیس سو تہتر کے آئین پر موجود ہیں۔ نعیم الحق نے مزید کہا کہ مولانا سمیع الحق نے پاکستان میں سب سے بڑا دینی مدرسہ قائم کیا جہاں سے لاتعداد طلباءفیض یاب ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق ایک انتہائی روشن خیال پاکستانی تھے جنہوں نے پولیو کی مہم میں حکومت پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔