اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سینٹ کے انتخابات میں حصہ لے گی ،مولانا فضل الرحمان اس اسمبلی کو ناجائز کہہ رہے ہیں جس میں وہ صدارتی امیدوار تھے ،ان کا اب کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے، فضل الرحمان سمیت 20 نامور سیاستدانوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے، نواز شریف نے خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ،کوئی ایسا آرمی چیف اور جج نہیں جس کے ساتھ ان کا کھچاؤ اور تناؤ نہ رہا ہو،منی لانڈرنگ اور کرپشن کرنے والے نہیں بچ سکیں گے،ہماری فورسز نے سی پیک کے خلاف کسی تھریٹ کو کامیاب نہیں ہونے دیا،پاکستان امن کی بات کرتا ہے اور ساری دنیا سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، لیکن پاکستان پر اگر کوئی حملہ ہوا تو پھر یہ آخری جنگ ہو گی۔ پیر کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں سی پیک کے خلاف بہت زیادہ تھریٹس ہیں لیکن شکر ہے کہ افواج پاکستان، پولیس اور اداروں نے مل کر ان سازشوں کو کامیاب ہونے نہیں دیا ہے، سٹاک ایکسچینج حملے پر نیکٹا نے وقت سے پہلے یہ اطلاعات دی تھیں اس لئے حکومت کی ترجیح ہے کہ نیکٹا کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں 20بڑی شخصیات ہیں جن کو تھریٹس ہیں جن میں سیاستدان شامل ہیں، اس میں دو سے تین اپوزیشن کے ہیں اور ان پر پہلے بھی حملے ہو چکے ہیں جبکہ ان کو ہائی الرٹ جاری کیا جا چکا ہے اور بتایا گیا ہے کہ اپنی حفاظت کریں، ان ناموں میں خاص طور پر فضل الرحمان شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مثبت بات کی ہے کہ سندھ کے ضمنی الیکشن کرائے جائیں اور اگریہ اپنی تاریخوں کو ہونے ہیں جن میں ان کی چڑھائی کی تاریخیں بھی شامل ہیں تو میں اس کو ان کی آواز میں فرق بھی سمجھتا ہوں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ سارے میڈیا، میڈیا کھیل رہے ہیں، ساری دنیا میں کووڈ۔ 19 کی وبا خوفناک صورتحال اختیار کر چکی ہے، لندن اور یورپ کو بند کیا جا رہا ہے جبکہ میری اپیل ہے کہ لندن کی فلائٹس کو بند کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف فوج اور ججز کے بارے میں کھچائو اور تنائو رکھتے ہیں اور کوئی آرمی چیف اور جج ایسا نہیں ہے کہ جس سے انہوں نے کھچائو اور تنائو نہ کیا ہو، نواز شریف نے اپنے پائوں پرخود کلہاڑی ماری اور اپنی سیاست کو خود دفن کیا ہے جبکہ وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ اگر نواز شریف وطن واپس آنا چاہتے ہیں تو شوق سے واپس آئیں۔ انہوں نے کہا کہ میری خبر یہ ہے کہ پی ڈی ایم سینیٹ انتخابات میں حصہ لے گی اور یقین ہے کہ یہ اپوزیشن سینیٹ میں حصہ ضرور لے گی ان کیلئے ایک اچھا فیصلہ ہو گا کہ اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اپوزیشن نعرے لگاتی ہے کہ ووٹ کو عزت دو لیکن وہ ووٹرز کی زندگیوں کو دائو پر لگا رہی ہے اور موت کی طرف دھکا دینا چاہتے ہیں اور کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو کیونکہ ان کے خاندانوں کے تمام بنیادی اراکین ملک سے باہر ہیں اور ایک ایک آدمی نمونے کے طور پر کمپنی کی مشہوری کیلئے ملک میں رکھا ہوا ہے جو میڈیا کے ذریعے اپنی سوچوں کو عوام تک پہنچاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پانچ سال پورے کرے گا اور خوشی ہو گی کہ اپوزیشن سینیٹ انتخابات میں حصہ لے کیونکہ بالآخر تمام مسائل کا حل پارلیمان سے نکلے گا جبکہ فضل الرحمان اس اسمبلی کو ناجائز کہہ رہے ہیں جس میں وہ صدارتی امیدوار تھے اور انہوں نے کوئی ایسی اسمبلی ایسی نہیں چھوڑی ہے کہ ہائی پوسٹ کیلئے نہ لڑا ہو، فضل الرحمان کا اب کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان امن کی بات کرتا ہے اور ساری دنیا سے اچھے تعلقات چاہتا ہے لیکن پاکستان پر اگر کوئی حملہ ہوا تو پھر یہ آخری جنگ ہو گی۔