اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ہفتہ کے روز کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک اور قابل مذمت واقعہ قرار دیا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی خبروں سے گہرا دکھ پہنچایا ہے۔
انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ زخمیوں کی مدد کریں اور ہسپتال میں میڈیکل ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی ۔ مولانا فضل الرحمان نے اللہ تعالیٰ سے ان کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔ مولانا فضل الرحمان نے اس افسوسناک واقعے سے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔