اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو سیاسی جماعتیں آپ کو اپنے ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھانا چاہتی ہیں،ان کے عزائم کو بھانپیں، ایک سیاسی نبض شناس عوام کی نبض کو کیوں نہیں سمجھ پا رہا، ان کی باہمی نااتفاقی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ اپنے سیاسی مفاد میں صرف مولانا کا کندھا استعمال کرنا چاہتے ہیں، مولانا صاحب! عوام میں آپ کی پذیرائی تب ہی ممکن ہے جب آپ اپنی آواز مظلوم کشمیریوں کے حق میں بلند کریں۔جمعرات کو ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر پروٹوکول اور مراعات کا قرض ادا کرنے کا وقت آگیا ہے، وہ اب اپنے الفاظ کے تیروں کا رخ فسطائی مودی کی جانب موڑیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی منافقت کی مثال بن چکی ہے، مسلم لیگ ن اور پی پی پی مولانا فضل الرحمن کے ساتھ مسلسل سیاست کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دونوں جماعتیں مولانا کے ذریعے مدارس کے معصوم اور غیرسیاسی بچوں کو سیاسی مفادات کا ایندھن بنانا چاہتے ہیں جو افسوسناک ہے، دونوں جماعتیں مولانا کے ساتھ کھڑے ہونے کا خطرہ بھی مول نہیں لینا چاہتیں،آپس میں جو سچ نہیں بول سکتے وہ عوام کے ساتھ کیا سچ بولیں گے۔