اسلام آباد ۔ 07اکتوبر (اے پی پی) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اپنے ذاتی مفادات کے لئے مذہب کو استعمال کررہے ہیں، وہ مدرسہ اصلاحات نہیں کرانا چاہتے۔ پیر کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن نے ناموس رسالت ۖ پر چندہ اکٹھا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت ۖ پر وزیراعظم نے بھرپور مؤقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو حکومت پر تنقید کرنے کی بجائے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے آگے آنا چاہیے اور ان کے حقوق کے لئے آواز اٹھانی چاہیے اور اس سلسلہ میں حکومت کو درست تجاویز دینی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نظام میں غلطیوں کا ازالہ کرنا چاہیے، الیکشن کمیشن اور نادرا کو تکنیکی خامیاں دور کرنی چاہئیں۔