وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن سے ان کے دیرینہ تعلقات اور احترام کا رشتہ ہے ، ان کے اور مولانا کے درمیان تخلیہ میں جو باتیں ہوئی ہیں وہ ہمیشہ راز رہیں گی۔
مولانا فضل الرحمن سے دیرینہ تعلقات اور احترام کا رشتہ ہے ، ان سے تخلیہ میں ہونے والی گفتگو ہمیشہ راز رہےگی ، وزیراعظم شہباز شریف

مزید خبریں
اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن سے ان کے دیرینہ تعلقات اور احترام کا رشتہ ہے ، ان کے اور مولانا کے درمیان تخلیہ میں جو باتیں ہوئی ہیں وہ ہمیشہ راز رہیں گی۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمن کی ایوان میں تقریر کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہ مولانا فضل الرحمن سے ان کے دیرینہ تعلقات ہیں، ان کے اور مولانا کے درمیان تخلیہ میں جو باتیں ہوئی ہیں وہ قیامت تک راز رہیں گی اور میرے ساتھ قبر میں جائیں گی۔قبل ازیں وزیراعظم ایوان میں پہنچے تو ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبا ل کیا، وزیر اعظم سیدھے اپوزیشن کی نشستوں پر گئے اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، گوہر علی خان، مولانا فضل الرحمن، لطیف کھوسہ، حمید حسین سمیت پہلی صف میں بیٹھے اپوزیشن اراکین سے مصافحہ کیا۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمن سے کچھ دیر گفتگو بھی کی۔
بعد ازاں انہوں نے ایوان میں مولانا فضل الرحمن کی جانب سے اٹھائے گئے بعض نکات کے جواب میں کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے ان کے بہترین تعلقات ہیں اور ان سے احترام کا رشتہ ہے۔ان کی تقریر میں نے سنی ہے۔ میری اکثر مولانا فضل الرحمن سے ملاقات رہتی ہے۔ ان کے اور میرے درمیان تخلیہ میں جو باتیں ہوئی ہیں وہ قیامت تک راز ہیں اور قبر میں میرے ساتھ جائیں گی۔ بعد ازاں مولانا فضل الرحمن نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے جس محبت کا اظہار کیا ہے میں اس کا خیر مقد م کرتا ہوں ، اگر وہ تنہائی میں ہونے والی باتوں کو پبلک کر دیں تو وہ ناراض نہیں ہوں گے جس پر وزیراعظم نے کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمن کی پیشکش کو ان کی فراخ دلی کی بنیاد پر قبول نہیں کریں گے کیونکہ اس سے معاملات دور تک چلے جائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیراعظم سے ان کی نشست پر جا کر مصافحہ کیا۔








