اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اے پی پی) متحدہ مجلس عمل پاکستان کے صدر مولانا فضل الرحمن نے ملک گیر جلسوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شفاف اور بروقت انتخابات نگران حکومت کی ذمہ داری ہے، ایم ایم اے کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی191، چاروں صوبوں سے 404 اور 35 خواتین جنرل نشستوں پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ایم اے کی سپریم کونسل کے اجلاس کے بعد سراج الحق، ساجد نقوی، اویس نورانی کے ہمراہ مشترکہ پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ انتخابات منظم انداز کے ساتھ اور متفقہ امیدواروں کے ساتھ میدان میں اترنے کے لئے ہوم ورک کی ضرورت تھی جو مکمل ہوگیا ہے،چاروں صوبوں میں متفقہ امیدواروں کی فہرست مرتب کر لی ہے، پوری یکسوئی اور نئے عزم کے ساتھ انتخابی میدان میں اتر رہے ہیں،ایم ایم اے میں شامل جماعتیں متفقہ امیدواروں کی مکمل سپورٹ فراہم کریں گی ،مرکزی سطح پر عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جارہا ہے ،13 جولائی کو ملتان، 14 جولائی راولپنڈی اور 15 جولائی کراچی میں جلسہ عام ہوگا،21 ایبٹ آباد، 22 جولائی سے ملاکنڈ تک کے علاقوں کا دورہ کرینگے،اگلے مرحلے میں ایک پارٹی سربراہ دیگر نمائندگاں کے ہمراہ ملک کے چپے چپے میں جائیں گے۔