کراچی۔22دسمبر (اے پی پی):گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے مولانا فضل الرحمن کو اگر اپنی پارٹی کے اندر سے آنے والی آوازیں سنی نہیں دیتی تویہ ان کی سیاسی بساط الٹنے کو ہے ، ن لیگ میں جلسہ کرنے کی صلاحیت نہیں ہے وہ لاہورکے اندر ہم نے دیکھ لیا ہے ،یہ بات واضح ہے کہ تمام اپوزشن جماعتیں ملکر بھی وزیراعظم عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی ، یہ دوہرا معیار سمجھ سے بالاتر ہے کہ اپ جلسہ اور ریلی بھی کریں گے ،تعلیمی اداروں اور ریسٹورنٹس کو بھی بندکریںگے، گیس کے ذخائر بتدریج کم ہورہے ، ہمیں متبادل توانائی کے طرف جانا پڑے گا اور ہم یہ فیصلہ جتنا جلدی کرلیں اتنا ہمارے لئے آسان ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں منگل کو گورنرہائوس میں ہلال احمر پاکستان کی جانب سے پاکستان میں قید25 بنگالیوں کی رہائی اور وطن واپسی کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین ابرابر الحق اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ اس وقت بنگلہ دیش کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور رابطے مزید مظبوط ہورہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ 25 بنگالی کئی سالوں سے قید تھے اور ان کی رہائی ، ان کے جرمانے ادا کرنے اور ٹکٹ کرانے میں ہلال احمرپاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر رہائی پانے والے 25 بنگالیوں کو 200 ڈالر فی کس بھی دے گااور آج وہ کراچی ائرپورٹ سے روانہ کردئے جائیں گے ۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ میں اس پر ہلال احمر پاکستان اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ گورنرسندھ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن چلے ہوئے کارتوس ہیں ، وہ کھبی آصف علی زرداری کے خلاف ہوجاتے ہیں ، کھبی نوازشریف اور کھبی عمران خاں کے خلاف ہوجاتے ہیں اور پھر جن کے خلاف بات کرتے ہیں ان کے ساتھ ملکر ایک نئی محاذ آرائی شروع کردیتے ہیں ۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو اگر اپنی پارٹی کے اندر سے آنے والی آوازیں سنائی نہیں دیتی تویہ ان کی سیاسی بساط الٹنے کو ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ تمام اپوزشن جماعتیں ملکر بھی وزیراعظم عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں ۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نہ صرف یہ پانچ سال پورے کریں گے بلکہ آنے والے پانچ سال بھی وزیراعظم عمران خان کے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو چاہئے کہ وہ سیاست کو چھوڑ کر کسی اور میدان میں طبع آزمائی کریں یہاں ان کی دال گلنے والی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) خود اس ملک کے لئے کورونا ہے ، ن لیگ میں جلسہ کرنے کی صلاحیت نہیں ہے وہ لاہورکے اندر ہم نے دیکھ لیا ہے ، ن لیگ نے پہلے پاکستان کے خزانہ کو کھایا ہے اور اب عوام کے صحت کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے لئے جس پیکج کا اعلان کیا ہے اس پر کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا اس کراچی پیکج میں کئی منصوبے ہیں اور یہ سب شہر کی ضرور ت ہیں اور ہم ملکر اس پر کام کریں گے ۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان میں گیس کے ذخائر بتدریج کم ہورہے ہیں اور یہ کسی ایک خاص شہر اور صوبہ کا مسلہ نہیں ہے ، ہمیںمتبادل توانائی کی طرف جانا پڑے گا اور ہم یہ فیصلہ جتنا جلدی کرلیں اتنا ہمارے لئے آسان ہوگا اور اگر فیصلہ کرنے میں ہم نے تاخیر کی تو اس سے ہمیں مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وفاقی حکومت گیس کے مسلہ پر تمام صوبوں کے ساتھ ملکر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ اس مسلہ پر بھی سیاست چمکائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزشن کے کہنے پر لوگ گھروں سے نہیں نکل رہے ہیں لیکن یہ لوگ اس مسلہ کو بھی استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ایسا ہونا نہیں ہے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستان اس وقت ترقی کے راہ پر گامزن ہے ،چاہے ملکی معیشت ہویا خارجہ پالیسی یا ایکسپورٹ ہر شعبہ میں بہتری آرہی ہے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ہمارے پڑوسی ملک کوبہت سارے شعبوں میں بہت نقصان ہوا ہے اور وہاں افراتفری کا ماحول ہے لیکن اس کے برعکس وزیراعظم عمران خان کی اسمارٹ لاک ڈاون کی پالیسی بہت بہترین رہی ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی خطرات کی وجہ سے ہم تعلیمی ادارے ، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر ریسٹورنٹس بند کررہے ہیں لیکن ساتھ میں جلسے اور ریلیوں کے انعقاد کا بھی اعلانات کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دوہرا معیار سمجھ سے بالاتر ہے کہ اپ جلسہ اور ریلی بھی کریں گے اور تعلیمی اداروں اور ریسٹورنٹس کو بھی بندکریںگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ محتاط آدمی ہیں اور مجھے امید ہے کہ وہ اس پر ایکشن لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وفاق صوبہ کے ساتھ ملکر نئے شہر تعمیر کرنا چاہتا ہے اور یہ صوبائی حکومتوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے جزائر پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ انہوںنے کہا کہ کسی صوبہ کی حق تلفی نہیں ہوگی اور صوبوں کو ان کا حق دیا جائے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین ابرارالحق نے کہا کہ وہ تعاون کرنے پر گورنرسندھ عمران اسماعیل کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہیں قیدبنگالیوں کی رہائی پر خود بہت خوشی محسوس ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قیدی اپنی سزاء پوری کرچکے تھے لیکن جرمانہ ادا کرنے کی رقم اور ٹکٹ نہ ہونے کی وجہ سے جیل میں تھے جس کا بندوبست ہلال احمر پاکستان نے کیا اور آج ان کو کراچی ائرپورٹ سے روانہ کردیا جائے گا۔