مونٹریال میں 154 ملکی پریڈ میں پاکستانی دستے کی قیادت کرنا ایک قابل فخر لمحہ ہے،نیلوفربختیار

64

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):قومی کمیشن برائے برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو) کی چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے پاکستان ایمبیسی مونٹریال میں کونسل جنرل اشتیاق احمد عقیل کے ہمراہ 24 تا 28 جون 2022 کو منعقد ہونے والے 104 ویں لائنز کلبز انٹرنیشنل کنونشن کی 154 ملکی پریڈ میں پاکستانی سیکشن کی قیادت کی۔رواں سال یہ بین الاقوامی کنونشن کوویڈ 19 پابندیوں کی وجہ سے دو سال کے وقفے کے بعد منعقد کیا جا رہا ہے۔

پیر کو این سی ایس ڈبلیو سے جاری پریس ریلیز کے مطابق لائنز کلب انٹرنیشنل (ایل سی آئی) ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جو رضاکاروں اور شراکت داروں پر مشتمل ہے اور صحت و بہبود کے مشترکہ اہداف کے لئے مل کر کام کر رہی ہے۔

یہ کمیونٹیز کو مضبوط بنانے کے لئے تعاون کے ساتھ ساتھ انسانی خدمت کے ذریعہ ضرورت مندوں کی مدد اور گرانٹ بھی فراہم کرتی ہے جو عالمی سطح پر بہتری کے لیے مددگار ہوتی ہے۔ یہ کلب کمیونٹی اور تنوع کو تسلیم کرتے ہوئے امن اور بین الاقوامی تفہیم کی حوصلہ افزائی کرتی ہے ۔ ہر سال ایل سی آئی اپنا بین الاقوامی کنونشن منعقد کرتا ہے اور اس سال کا یہ کنونشن 24-28 جون 2022 سے کینیڈا کے شہر مونٹریال میں منعقد کیا جارہا ہے۔

اس کنونشن میں بین الاقوامی صدور، افسران، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ معززین شرکت کرتے ہیں جو دنیا بھر سے ایل سی آئی کی عظیم وجوہات کے لئے بھرپور شرکت کے اپنے عہد کی توثیق کے لئے جمع ہوتے ہیں۔ پاکستان میں پورے ملک سے 10 ہزار کے قریب ایل سی آئی ممبر ہیں۔ اس موقع پر مونٹریال میں پاکستانی قونصل خانے نے چیئرپرسن این سی ایس ڈبلیو نیلوفر بختیار کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن نے پاکستانی خواتین کے کردار اور کامیابیوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے پالیسی اصلاحات اور قانون سازی کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے موجودہ اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ لائنز کلبز انٹرنیشنل کی طرف سے 154 ملکی پریڈ میں ان کے لئے کونسل جنرل کے ہمراہ پاکستان کے دستے کی قیادت کرنا ایک قابل فخر لمحہ ہے۔