فیصل آباد ۔ 09 مئی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ مونگ کی فصل خریف کی کاشت فوری شروع اور وسط جون سے قبل مکمل کرکے بہترین پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے ، کاشتکار بروقت کاشت یقینی بنائیں ۔ یہ بات نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ مونگ کا شمار موسم خریف کی اہم فصلوں میں ہوتاہے جس میں 20 سے 25 فیصد تک پروٹین ہوتی ہے جو انسانی غذا کے ساتھ ساتھ اس کے جسم کا اہم جزو بھی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مونگ کے پودوں کی جڑوں میں پائے جانے والے جراثیم منکے بناکر ہواسے نائٹروجن حاصل کرتے ہیں اور پودوں کو خوراک کی فراہمی کا باعث بھی بنتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ پودے کی جڑیں گلنے سڑنے کے بعد زمین کی زرخیزی میں اضافہ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار آبپاش علاقوں میں ریتلی میرازمین پر مونگ کی فصل کاشت کرکے بہتر مالی منافع حاصل کرسکتے ہیں۔
ترجمان نے کہاکہ مونگ کو تر وتر حالت میں ڈرل کے ساتھ ایک فٹ کے فاصلے پر قطاروں میں جبکہ بارش والے علاقوں میں پٹڑیوں پر کاشت کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ کاشتکار اس ضمن میں مزید رہنمائی کےلئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594834