مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ، چیف سیکرٹری پنجاب کی متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

112

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):ممکنہ سیلاب اورمون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے خطرے سے نمٹنے کےلئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ ہدایت سول سیکرٹریٹ میں ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی جس میں ممکنہ سیلاب اور مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے خطرے سے نمٹنے کےلئے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کےلئے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں اورپی ڈی ایم اے ہنگامی صورتحال میں متاثرہ علاقوں میں ٹینٹ اور راشن بیگز کی وافر دستیابی یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اربن فلڈنگ سے بچنے کےلئے ڈرینز اور سیوریج لائنز کی باقاعدگی سے صفائی ، بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کےلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں،تمام مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس کو مکمل فعا ل رکھا جائے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ فلڈ ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے، محکمہ صحت ہسپتالوں اور مراکز صحت میں ادویات، ویکسین کی فراہمی یقینی بنائے۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو محکمہ آبپاشی کے افسران کے ہمراہ دریائوں پر قائم بندوں کے معائنے سے متعلق ہدایت بھی کی۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی یم اے نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ موسم کی صورتحال اوردریاں میں پانی کے بہائو کی 24گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع میں متعلقہ محکموں کے اشتراک سے موک ایکسرسائز مکمل کر لی گئی ہیں، ضرورت کے مطابق ٹینٹ، کشتیاں، لائف جیکٹس اور ڈی واٹرنگ پمپس مہیا کر دیے گئے ہیں۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، بلدیات، صحت اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔