فیصل آباد ۔ 31 جولائی (اے پی پی):ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ کپاس کے کاشتکار مون سون کی بارشوں کے باعث فوری طور پر واٹر سکاؤٹنگ کاعمل مکمل کر لیں اورجڑی بوٹیوں کی تلفی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔
کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین زراعت نے کہا کہ حالیہ مون سون کی بارشوں کے باعث جن کھیتوں میں زیادہ پانی کھڑا ہوگیاہے اس کے نکاس کیلئے فوری انتظام کیاجائے اور اگر کسی وجہ سے کھیت سے پانی نکالنا ممکن نہیں تو کھیت کے ایک طرف لمبائی کے رخ کھائی کھود پانی اس میں جمع کردیا جائے تاکہ کپاس کی فصل کو تباہی سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ بارش کے باعث کپاس کی فصل میں جڑی بوٹیوں کی افزائش میں تیزی آجاتی ہے لہٰذا کاشتکار جڑی بوٹیوں کی تلفی کی جانب بھی توجہ دیں۔ انہوں نے مزید بتایاکہ اس وقت اکادکا مقامات پر کپاس کے چند کھیتوں میں کہیں کہیں ملی بگ کا حملہ مشاہدہ میں آیا ہے جوفی الحال ٹکڑیوں کی صورت میں ہے لہٰذااس پر کڑی نظر رکھی جائے اور ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے اس کے تدارک کیلئے اقدامات کئے جائیں۔