اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس خالد محمود نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اور موٹرویزپر سفر کرنے والے شہری ہمارے لئے قابل احترام ہیں، موٹرویز پر سفر کرنے والے شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی اور آرام دہ بنانا موٹروے پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، موٹروے پولیس افسران کی موثر پٹرولنگ اور بہترین کاوشوں سے فینس چوری پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو موٹروے (ایم۔2) ٹول پلازہ اور پبلک سروس وہیکل مینجمنٹ سینٹر اور موٹروے(ایم۔1)سہولت سینٹر کے دورے کے دوران کیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی محمد زبیر ہاشمی، ڈی آئی جی موٹروے(ایم۔2) نارتھ مظہر الحق کاکا خیل، ڈی آئی جی نارتھ زون اشفاق خان نے آئی جی خالد محمود کا استقبال کیا۔ ا س موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی موٹروے پولیس نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اور موٹرویزپر سفر کرنے والے شہری ہمارے لئے قابل احترام ہیں ،موٹرویزپر سفر کرنے والے شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی اور آرام دہ بنانا موٹروے پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس افسران کی موثر پٹرولنگ اور بہترین کاوشوں سے فینس چوری پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، موٹرویز کے داخلی اور خارجی راستوں پر مزید نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران و ملازمان کی فلاح وبہبود اور ان کے مسائل کا حل میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
آئی جی موٹروے پولیس نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر عوام کی سہولت کیلئے گائیڈنس سینٹر بنائے گئے ہیں جہاں افسران مسافروں کی سہولت کیلئے 24گھنٹے کام کر رہے ہیں، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال موٹرویز پر موثر قانون کے نفاذ کیلئے وقت کی اہم ضرورت ہے، موٹرویز پر ڈرونز ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
موٹرویز پر تیز رفتار ی پر قابو پانے کیلئے مختلف مقامات پر وارننگ اور آگاہی کے لئے الیکٹرک سائن بورڈ ز لگائے جا ئیں گے۔ آئی جی موٹروے پولیس کی افسران کو ہدایت کی کہ موٹرویز پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں ہرگز کوئی رعایت نہ دی جائے۔