موٹروے پولیس کی ایم تھری اور ایم فور پر دھند کے دوران انڈیکیٹرز اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت

109
Motorway Police
Motorway Police

فیصل آباد ۔ 12 دسمبر (اے پی پی):موٹروے پولیس نے گاڑیوں کے ڈرائیورز کو ایم تھری فیصل آباد پنڈی بھٹیاں اور ایم فور فیصل ۱ٓباد ملتان موٹر وے پر دھندو سموگ کے دوران انڈیکیٹرز اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اورموسم سرما کی شدت بڑھنے،سردی کے باعث دھندو سموگ میں اضافہ کی وجہ سے حادثات سے بچاؤ کی غرض سے فوگ لائٹس کے بغیر گاڑیوں کو موٹر وے پر داخل ہونے سے گریزکامشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوگ لائٹس کے بغیر گاڑیاں موٹر وے پر داخل نہ ہوں ورنہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کے چالان بھی کر دیئے جائیں گے۔

موٹر وے ایم تھری و ایم فور پولیس کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ چونکہ رات گئے اور علی الصبح کے اوقات میں مذکورہ موٹر وے پر کچھ وقت کیلئے دھند کا سلسلہ شروع ہوگیاہے اور حد نظر بھی کم ہو رہی ہے لہٰذا فیصل آباد کے کسی بھی انٹر چینج سے فوگ لائٹ کے بغیر کوئی گاڑی موٹر وے پر نہ جائے تاکہ ان کے ڈرائیورز کو کسی پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے۔ انہوں نے بتا یا کہ موٹر وے پر سست رفتاری کا مظاہرہ کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتا یا کہ موٹر وے ایم تھری پر 80کلو میٹر سے کم رفتار پر چلنے والی لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکلز کے بھی چالانات کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتا یا کہ جس طرح موٹر وے پر 120کلو میٹر فی گھنٹہ سے زائد سپیڈ خطرناک ہے اسی طرح 80کلو میٹر سے کم رفتار میں سفر کرنے والی گاڑیاں بھی خطرے سے خالی نہیں۔