موٹروے پولیس کی کارروائی،2 ملین کے نان کسٹم سگریٹ برآمد،حفاظتی باڑ چوری کرنےوالا ملزم گرفتار

5
Motorway police vehicle

لاہور۔29جون (اے پی پی):موٹروے پولیس کی کارروائی کرتے ہوئے 2 ملین کے نان کسٹم سگریٹ اور حفاظتی باڑ چوری کرنے والا ملزم بھی گرفتار کر کے خانیوال وپیر محل سے 2040میٹر باڑ بھی برآمد کرلی۔ ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹروے پولیس نے ملتان کے قریب ایک مشکوک گاڑی کو روکا جس کی تلاشی کے دوران نان کسٹم پیڈ سگریٹ کے 35 کارٹن برآمد کیے گئے جن کی مالیت تقریبا 20 لاکھ روپے ہے ،گاڑی ڈرائیور محمد اصغر احمد پور سیال کا رہائشی نکلا جسے گرفتار کر کے گاڑی اور سامان کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق اسی روز موٹروے پولیس نے ایم فور پر خانیوال کے قریب کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ 40 میٹر حفاظتی باڑ برآمد کر کے ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جبکہ گزشتہ روز ایم تھری پر پیر محل کے قریب خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2000 میٹر چوری شدہ باڑ بھی برآمد کی گئی۔