موٹروے پولیس کی کامیاب کارروائی ،305 کلو منشیات برآمد ، ملزم گرفتار

89

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):موٹروے پولیس نے موٹروے ایم ٹو، نیلہ دلہ انٹرچینج کے قریب 305 کلو منشیات جس میں اعلیٰ کوالٹی کی 63 کلو افیون اور 242 کلو چرس شامل ہے برآمد کرکے ایک ملزم گرفتار کرلیا۔ملزم منشیات پنجاب کے مختلف علاقوں میں سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا، موٹروے پولیس کے پاس خفیہ اطلاعات موجود تھی جس پر ہائی الرٹ کیا گیا تھا ۔

نیلا دلہہ انٹرچینج کے قریب ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی جس پر ملزم نے گاڑی موقع سے بھگا دی۔ مشکوک گاڑی کاپیچھا کرکے اسے روک لیا گیا۔تلاشی لینے پر گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی، گاڑی میں ایک ملزم موجود تھا جسے موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔منشیات کی قیمت عالمی منڈی میں کروڑوں روپے مالیت بتائی جاتی ہے ۔

ابتدائی قا نونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد منشیات اے این ایف راولپنڈی کے حوالے کر دی گئیں مزید قانونی کاروائی جاری۔ واقعہ کی اطلاع پاتے ہی ڈی آئی جی موٹروے نارتھ زون محمد یوسف ملک موقع پر پہنچ گئے اور ضروری ہدایات جاری کرتے رہے ۔ کامیاب آپریشن پر آئی جی پی موٹروے پولیس خالد محمود اور ایڈیشنل آئی جی نارتھ ریجن زبیر ہاشمی نے افسران کو شاباش دی اور تعارفی اسناد اور انعام کا اعلان کیا۔