22.7 C
Islamabad
اتوار, اپریل 27, 2025
ہومعلاقائی خبریںموٹر وے پر خطرناک حرکات کرتے ہوئے لاپرواہی سے ڈرائیونگ کی ویڈیو...

موٹر وے پر خطرناک حرکات کرتے ہوئے لاپرواہی سے ڈرائیونگ کی ویڈیو وائرل ہونے پر مقبول یوٹیوبر ڈکی بھائی کے خلاف مقدمہ درج

- Advertisement -

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس(این ایچ ایم پی) نے موٹر وے پر گاڑی چلاتے ہوئے خطرناک حرکات کرتے ہوئے لاپرواہی برتنے اور ٹریفک میں خلل ڈالنے والے مقبول یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جس میں انہیں حد رفتار سے تجاوز کرتے ہوئے گاڑی چلاتے ہوئے اور اسٹیئرنگ وہیل پکڑنے کے بغیر گاڑی چلاتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے ۔ ویڈیو میں موصوف کو سوتے ہوئے گاڑی چلاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ان کا یہ رویہ انتہائی خطرناک اور جان لیوا ہو سکتا تھا۔ یہ ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین کی جانب سے شدید تنقید اور لاپرواہی کے رویے کی مذمت کی گئی۔ بہت سے لوگوں نے اس طرح کے اقدامات کے ممکنہ خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ واقعے کے بعد موٹروے پولیس نے ڈکی بھائی کے خلاف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کرلیا۔ ایک سرکاری بیان میں موٹروے پولیس نے مقدمہ درج کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے قومی شاہراہوں پر حفاظت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

- Advertisement -

ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ڈرائیور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگی کو بھی خطرے میں ڈال رہا ہے۔ ہم نے اس خلاف ورزی کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ویڈیو جیو لوکیشن اور تصدیق شدہ ہے اور ایف آئی آر میں قانون کی مناسب دفعات لگائی جا رہی ہیں۔

موٹروے پولیس نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے جس کا مقصد اس طرح کی حرکات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور دوسروں کو اس طرح کے طرز عمل کی نقل کرنے کے خلاف متنبہ کرنا ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور روڈ سیفٹی کو برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے زندگیوں کی حفاظت کے لئے محفوظ ڈرائیونگ کی اہمیت پر زور دیا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588352

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں