موٹر وے پولیس سکھر کے زیر اہتمام ڈہرکی میں روڈ سیفٹی بارے سیمینار کا انعقاد

145
Motorway Police
Motorway Police

سکھر۔ 18 مئی (اے پی پی):آئی جی موٹر وے سلمان چوہدری ، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن منیراحمد شیخ اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ محمد سلیم کی خصوصی ہدایت پر پورے ساؤتھ ریجن میں موٹر وے پولیس روڈ حادثات سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی فراہم کررہی ہے،اسی سلسلے میں ایس پی موٹر وے سکھر رانا محمداسماعیل کی زیرنگرانی قومی شاہراہ ڈہرکی بائی پاس پرمقامی ہوٹل میں روڈ سیفٹی سمینار کا انعقاد کیا گیا،

جس میں نجی کمپنی کے ملازمین اور عام عوام نے شرکت کی۔ موٹر وے پولیس کی جانب سے موبائل ایجوکیشن کے افسران نے شرکاء کو بتایا گیا کہ پاکستان میں روڈ حادثات پر قابو پانے کے لئے محتاط ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کے بارے میں عمل پیرا ہوکر جان لیوا روڈ حادثات سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

شرکاء کو روڈ حادثات سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاکستان میں روڈ حادثات کی بنیادی وجہ ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنا اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنا ہے،خصوصاً کم عمر بچوں کا روڈ پر موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیاں چلانا۔

اس موقع پر ڈی ایس پی موٹر وے بیٹ 25 ڈہرکی زرغام بلوچ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ہر تین منٹ کے بعد ایک بچہ روڈ حادثے کی نظر ہوجاتا ہے، جو کہ ایک خطرناک صورتحال ہے،

جبکہ پاکستان کی مختلف شاہراوں پر ڈرائیوروں کی لاپرواہی کی وجہ سےروڈ حادثات میں ہر سال قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں، موٹر وے پولیس پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے شہروں اور گاؤں میں روڈ حادثات سے بچاؤ اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی کے لئے بلاتفریق رنگ و نسل اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔