موٹر وے پولیس کا شدید دھند کے دوران اور عام حالات میں موٹر ویز کے مسافروں کے لئے مختلف علاقائی زبانوں میں سفری ایڈوائزری کے اجرا کا آغاز

237
موٹر وے پولیس کا شدید دھند کے دوران اور عام حالات میں موٹر ویز کے مسافروں کے لئے مختلف علاقائی زبانوں میں سفری ایڈوائزری کے اجرا کا آغاز

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس نے شدید دھند کی صورتحال میں موٹر ویز پر سفر کرنے والوں کے لئے موٹر ویز پر سفرکو حساس بنانے کے لیے اپنی مہم کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مختلف علاقائی زبانوں میں ویڈیو پیغامات جاری کرنا شروع کر دیئے ہیں ۔

پیر کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس کے ایک اہلکار انسپکٹر ثاقب ممتاز نے کہا کہ دھند کے دوران سفر انتہائی دشوار ہوتا ہے جس کے لئے حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹر ویز اور قومی شاہرات کو ٹریفک کے لئے بند بھی کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتباہ اور آگاہی کے باوجود روڈ صارفین تعاون نہیں کر رہے تھے جس کی ایک وجہ ڈرائیور حضرات کا اردو اور انگریزی زبان پر عبور نہ ہونا بھی تھا جس کے لئے اب موٹر وے پولیس علاقائی زبانوں میں وارننگز اور ویڈیو پیغامات جاری کرنا شروع کر دیئے ہیں تاکہ آگاہی کو زیادہ سے زیادہ عام کرکے بڑے حادثات سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دھند کی وجہ سے موٹر ویز کے مختلف حصوں پر ٹریفک کی روانی معطل ہورہی ہے جس پر روکنے کے باوجود مسافروں نے حالات کا ادراک کیے بغیر سفر جاری رکھنے پر بضد رہتے ہیں جو حادثات کا باعث اور اپنی اور دوسروں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے پر مجبور ہیں ۔ اسلام آباد سے پشاور، اسلام آباد سے رشکئی، بلکسر سے لاہور، سوات ایکسپریس ہائی وے کرنل شیر خان سے اسماعیلہ اور لیہ سے لاہور سمیت موٹر ویز کے مختلف حصوں کی صورتحال سے آگاہ کرنے والے آفیشلز نے بتایا کہ حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹر ویز اور شاہراہوں کو بند کیا جاتا ہے ۔

انہوں نے مسافروں سے کہا کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور اگر سفر کرنا ضروری ہو تو وہ ہائی ویز اور موٹر ویز پر جہاں دھند کی وجہ سے حد نگاہ میں خلل پڑتا ہے وہاں سفر کے پورے دورانیے کے لیے اپنی گاڑیوں کی فوگ لائٹس کو ڈبل انڈیکیٹرز کے ساتھ آن رکھنا چاہیے۔ پولیس ایڈوائزری پر عمل کرنا ناگزیر ہے کیونکہ یہ صرف اور صرف عوام کی حفاظت کے لیے ہے اور گاڑی چلانے والوں کو دھند، شدید دھند، برف اور دیگر خراب دکھائی دینے والے حالات میں رفتار کم رکھنی چاہیے۔

انہوں نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ گاڑیوں کے وائپر بلیڈ کا مسلسل استعمال کریں اور تصادم سے بچنے کے لیے مناسب فاصلہ رکھیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہر سال سردیوں میں دھند سے متعلق حادثات میں بہت سی جانیں ضائع ہوتی ہیں، خاص طور پر کئیگاڑیوں کے ٹکرانیکے واقعات پیش آتے ہین جن کی اکثر ویڈیوز بھی وائرل ہوتی ہیں لیکن اس کے باوجود مسافر احتیاط نہیں برتتے جو جان لیوا ہوتا ہے اور شاہراہوں کو بند کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس مسافروں کے سفر کی ضرورت سے بخوبی واقف ہے لیکن ان کی جانوں کی قیمت پر اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور ان سے کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے مفاد میں تعاون کریں