مویشیوں و جانوروں کی افزائش میں اضافہ کےلئے مصنوعی افزائش نسل سنٹرز کو مزید فعال بنانے کی ہدایت

142
Department of Livestock
Department of Livestock

فیصل آباد۔ 02 فروری (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے مویشیوں وجانوروں کی افزائش میں اضافہ کےلئے مصنوعی افزائش نسل سنٹرز کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ، اس ضمن میں فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ سمیت دیگر اضلاع کے ویٹرنری ہسپتالوں کو 3 کیٹیگریز میں تقسیم کیاگیاہے۔

محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویژن کے ڈائریکٹر ڈاکٹرندیم بدر نے بتایاکہ محکمہ نے حکومتی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں گوشت و دودھ فراہم کرنے والے جانوروں و مویشیوں کی تعداد میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کےلئے بھرپور اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد میں 89شفاخانہ حیوانات، ویٹرنری ہسپتال اور ویٹرنری سنٹرز موجود ہیں جن میں سے 3 ہسپتالوں کو اے کیٹیگری، 23کو بی کیٹیگری اور باقی63 ویٹرنری ہسپتالوں و ڈسپنسریوں کو سی کیٹیگری میں رکھاگیاہے۔

انہوں نے بتایاکہ ان مراکز پر متعلقہ حکام کی ڈیوٹیاں لگا ئی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ تیارکرکے متعلقہ حکام کو ارسال کریں گے۔انہوں نے بتایاکہ ڈیلی بیسز پر مصنوعی طریقہ افزائش نسل کے تحت ٹریٹ کئے گئے جانوروں کی تعداد کی بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔