فیصل آباد۔ 18 اگست (اے پی پی):مویشیوں کو گل گھوٹو، منہ کھر،نمونیا، انتڑیوں کے زہر، مرغیوں کو رانی کھیت کے ٹیکے لگانے کا عمل مزید تیز کردیا گیا، ویکسی نیشن مہم 30 ستمبر تک جاری رہے گی ،محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب کی جانب سے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں مویشیوں کو گل گھوٹو، منہ کھر،نمونیا، انتڑیوں کے زہر، مرغیوں کو رانی کھیت کے ٹیکے لگانے کا عمل مزید تیز کردیا گیاہے جبکہ ویکسی نیشن مہم 30 ستمبر تک جاری رکھنے کا بھی اعلان کیاگیاہے تاکہ مویشی، جانور، پرندے ہر قسم کی موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھے جاسکیں۔ محکمہ لائیو سٹاک فیصل آباد کے ڈویژنل ڈائریکٹرڈاکٹر حیدر علی خان نے اے پی پی کو بتایاکہ مذکورہ مہم کے دوران جانوروں، مویشیوں، پرندوں کو حفاظتی ٹیکیلگانے کا ہدف مکمل کیاجائیگا۔
انہوں نے بتایاکہ تمام مویشی پال حضرات، لائیو سٹاک فارمرز اور پولٹری فارمرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم برسات کے دوران اپنے جانوروں اور پرندوں کو موسمی بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوائیں تاکہ بعدازاں انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے۔انہوں نے بتایا کہ 10سے25فیصد برائلر چوزے مختلف بیماریوں کی وجہ سے موت کی آغوش میں چلے جاتے ہیں جبکہ پولٹر ی فارمرز کی جانب سے مؤثر اقدامات نہ ہونے سے انہیں مالی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ جوں جوں مرغبانی کی صنعت ترقی کر رہی ہے تو ں توں اس کے مسائل میں بھی اضافہ ہوتا جار ہا ہے جس میں مرغیوں کی بیماری سر فہرست ہے۔
انہوں نے بتایاکہ 10سے 25فیصد برائلر چوزوں کے مرنے سے نہ صرف پولٹری فارمر حضرات کو مالی نقصان کا سامنا ہے بلکہ اس سے ملکی وسائل بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوزوں کی متناسب جسامت، نشوو نما، تازہ اور جراثیم سے پاک پانی کی فراہمی، متوازن خوراک، حفاظتی ٹیکہ جات، فارم اور گرد و نوا ح کی مناسب صفائی اور پرندوں کی نگہداشت سے برائلر چوزوں کے ابتدا میں ہی مرنے کی شرح کو کم کیا جا سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری فارمرز محکمہ لائیو سٹاک کے حکام کے مشوروں پر عمل کریں تاکہ چوزوں میں مرنے اور ان میں بیماریاں پھیلنے کے تناسب کو کم سے کم کیا جا سکے۔
انہوں نے لائیو سٹاک فارمرز و مویشی پال حضرات کو فوری طور پر جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگوانے کی بھی ہدایت کی اوربھینس، گائے، بکریاں ودیگر جانور و مویشی پالنے والے کاشتکاروں، کسانوں، زمینداروں سے کہا کہ چونکہ موسم خزاں میں جانوروں میں منہ کھر کی بیماری کے حملہ کا خطرہ بڑھ جاتاہے لہٰذا وہ فوری طور پر اپنے مویشیوں اور جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے کیلئے حفاظتی و تدارکی اقدامات کے تحت ٹیکے لگوائیں تاکہ انہیں بعدازاں کسی پریشانی یا مالی نقصان کا سامنانہ کرنا پڑے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=380501