مویشیوں کی دودھ و گوشت کی پیداوار بہتر بنانے کے لئے حفاظتی ٹیکے لگوائے جائیں ،ڈاکٹرندیم بدر

98
Live stock
Live stock

فیصل آباد۔ 17 فروری (اے پی پی):ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آبادڈاکٹرسید ندیم بدرنے کہا کہ مویشی پال حضرات جانوروں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں تاکہ مویشیوں وجانوروں کی دودھ و گوشت کی پیداوار متاثر نہ ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ مویشیوں کی جس قدر بہتر نگہداشت کی جائے وہ اسی قدر بہتر افزائش پاتے اور زیادہ پیداوار فراہم کرتے ہیں اور عوام کو حفظا ن صحت کے اصولوں کے مطابق صحت مند دودھ و گوشت کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے نیز گائے وبھینس سمیت دودھ دینے والے دیگر مویشیوں و جانوروں کو متوازن غذا اور تازہ پانی فراہم کرکے دودھ کی یومیہ پیداوار میں 20فیصد تک اضافہ کیاجا سکتاہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح انسان کےلئے تازہ پانی انتہائی اکسیر کی حیثیت رکھتاہے بالکل اسی طرح مویشیوں و جانوروں میں بھی پانی کی اہمیت و افادیت سے انکار ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر دودھ دینے والی گائے و بھینس کو روزانہ 45 لیٹر، خشک گائے و بھینس کو بھی 45لیٹر پینے کاتازہ پانی فراہم کیا جائے تو اس کی روزانہ دودھ و گوشت کی پیداوار20فیصد تک بڑھ سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مرغیوں کے لئے 24گھنٹے کے دوران آدھا لیٹر اور بھیڑ بکریوں کےلئے دن میں 7لیٹر پینے کاپانی فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ممکن ہو تو مویشی پال حضرات دن میں 4مرتبہ باڑوں کے اندر مویشیوں و جانوروں کو تازہ پانی و افر مقدارمیں فراہم کریں تاکہ دودھ اور گوشت کی پیداوارمیں خاطر خواہ اضافہ یقینی ہوسکے۔