سیالکوٹ۔27مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مویشی منڈیوں میں تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور نوٹیفائیڈ مویشی منڈیوں کے علاوہ کسی کو مویشی منڈی قائم کرنے کی اجازت نہ ہو گی۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں انتظامی افسران سے گفتگو کے دوران کہی۔
انہوں نے لائیو سٹاک کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ منڈیوں میں آنے والے جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کےلئے ضروری سپرے اور ویکسی نیشن کے انتظامات مکمل رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں پارکنگ، سیکیورٹی، بجلی، پینے کے صاف پانی، واش رومز اور سائبان کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں موسم کی شدت کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔