مویشی پال حضرات کو فوری طور پر بھیڑ بکریوں کو کاٹا یا پی پی آر کے حفاظتی ٹیکے لگوانے کی ہدایت

289
مویشی پال حضرات کو فوری طور پر بھیڑ بکریوں کو کاٹا یا پی پی آر کے حفاظتی ٹیکے لگوانے کی ہدایت

فیصل آباد ۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک وڈیری دویلپمنٹ نے مویشی پال حضرات اور پولٹری فارمرز کو فوری طور پر بھیڑ بکریوں میں کاٹا یا پی پی آر کے حفاظتی ٹیکے جبکہ مرغیوں کو رانی کھیت سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ماہ اکتوبر کے دوران مذکورہ ٹیکے لگوانے میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔

ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آبادڈاکٹر حیدر علی خان نے بتایا کہ جانوروں کو متعدی بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کا سلسلہ مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی طرف سے رواں ماہ اکتوبر کے دوران بھیڑ بکریوں میں کاٹا یا پی پی آر کے حفاظتی ٹیکے جبکہ مرغیوں میں رانی کھیت سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بڑے جانوروں گائے،بھینسوں میں چوڑے ماریا بلیک کوارٹر کی بیماری پر قابو پانے کیلئے نومبر سے فروری تک حفاظتی ٹیکے لگائے جا ئیں گے۔انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات جانوروں کو متعدی امراض سے بچاؤ کیلئے شیڈول کے مطابق ٹیکے لگوائیں تاکہ ان کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوسکے۔