اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ مٹیاری۔لاہور ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن منصوبہ چین۔پاکستان اقتصادی راہداری کا ترجیحی منصوبہ ہے، ہائی پاور ٹرانسمیشن ٹیسٹنگ کی کامیابی سے پاکستان میں بجلی کی ترسیل میں بہتری آئے گی، سی پیک سے زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ ملا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں مٹیاری۔لاہور ٹرانسمیشن لائن منصوبہ سے ہائی پاور ٹرانسمیشن ٹیسٹنگ کے آغاز کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
چین کے سفیر نے کہا کہ این ٹی ڈی سی اور دیگر متعلقہ فریقین اس منصوبہ کی کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں، مارچ میں انہوں نے اس منصوبے کا دورہ کیا تھا اور وہ اس کے اعلیٰ معیار سے بہت متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہزار سے زائد چینی اہلکاروں اور 500 سے زائد پاکستانی کارکنوں نے کووڈ۔19 کے باوجود اس منصوبہ کو آگے بڑھایا، لو پاور ٹیسٹنگ کے بعد ہائی پاور ٹیسٹنگ کا آغاز ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں پر تیزی سے کام جا ری ہے اور ہزاروں افراد کو اس سے روزگار کے مواقع میسر آئے ہیں، دونوں ممالک زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں، 2021 پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کا سال ہے، 70 سال میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہےاور آئندہ بھی ہر شعبہ میں تعاون جاری رہے گا۔
اس موقع پر مٹیاری۔لاہور ٹرانسمیشن کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر وانگ بو خطاب کیا۔