اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ 660 کے وی مٹیاری تا لاہور منصوبے سے بجلی کی ٹرانسمیشن کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی، جب ہماری حکومت آئی تو یہ منصوبہ کاغذوں میں تھا جس کورونا وائرس کی صورتحال کے باوجود بروقت مکمل کیا گیا ہے۔
جمعرات کو یہاں 660 کے وی مٹیاری تا لاہور ٹرانسمیشن لائن منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس منصوبے سے بجلی کی ترسیل کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا مسائل کے باوجود منصوبے کی بروقت تکمیل کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران منصوبے کی تین مراحل میں ٹیسٹنگ کی گئی، پہلے مرحلے میں ایک ہزار، دوسرے میں 3 ہزار اور تیسرے مرحلہ میں 4 ہزار میگاواٹ بجلی کی ترسیل کو ٹیسٹ کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 886 کلومیٹر طویل یہ منصوبہ توانائی کے شعبے میں تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تمام منصوبے ہی اہم ہیں کیونکہ سی پیک ہماری معیشت کے اہم ستون ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے مسائل کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔