مچھلی کا پہلا ایکسپورٹ پروسیسنگ یونٹ مظفرگڑھ میں قائم

221

مظفرگڑھ ۔18نومبر (اے پی پی):جنوبی پنجاب کا مچھلی ایکسپورٹ کا پہلا ایکسپورٹ پروسیسنگ یونٹ مظفرگڑھ میں قائم کر دیا گیا۔ پاکستان کی تلاپی مچھلی اب دوسرےملکوں میں بھی ملے گی ۔تفصیل کے مطابق مظفرگڑھ شہر کے مضافاتی علاقہ علی پور شمالی میں تلاپیہ مچھلی کی ایکسپورٹ کوالٹی کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ جنوبی پنجاب کا پہلا توکل فش ایکسپورٹ پروسیسنگ یونٹ قائم کر دیا گیا ہے جہاں اعلیٰ نسل کی تلاپیہ مچھلی کا گوشت دوسرے ممالک میں ایکسپورٹ کرنے کے لئے بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جاتا ہے۔ پروسیسنگ یونٹ کے مینیجر محمد عمر نے بتایا کہ تلاپیہ مچھلی کا گوشت زیادہ پسند کیا جاتا ہے کیونکہ عام مچھلی کے گوشت میں جو بو ہوتی ہے وہ اس میں نہیں ہوتی اور تلاپیہ مچھلی کا گوشت غزائیت کے اعتبار سے بھی اپنی مثال آپ ہے ۔انہوں نے کہا کہ تلاپیہ مچھلی کی افادیت یہ ہے کہ دنیا کی مہنگی ترین مچھلیوں میں شمار ہونے والی سالمن فش اور ٹیونا فش کا یہ بہترین متبادل ہے۔ ماہر فشریز شاہداقبال نے کہا کہ اس علاقے میں فش ایکسپورٹ پروسیسنگ یونٹ قائم ہونا ایک خواب جیسا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پرسیسنگ یونٹ سے جہاں علاقے کے فش فارمرز کو فائیدہ ہو گا وہاں غیر ممالک کے ساتھ ساتھ ملکی منڈیوں میں بھی اعلی ٰنسل کی تلاپیہ فش کا گوشت فراہم کیا جائے گا