مچھ۔ 13 اگست (اے پی پی):گورنمنٹ ہائی اسکول مچھ میں یونیسیف کے تعاون سے والدین، اساتذہ اور اسکول مینجمنٹ کمیٹی (PTSMC) کے اراکین کے لیے سہ روزہ تربیتی ورکشاپ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔ ورکشاپ کا مقصد تعلیمی معیار کی بہتری، کمیونٹی کی شمولیت اور مؤثر اسکول مینجمنٹ کے اصولوں کی تربیت فراہم کرنا تھا۔ ورکشاپ کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد مختلف سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی سرگرمیوں کی قیادت ٹرینر ماسٹر ڈی ٹی ای نوید احمد اور سی ای پی محترمہ راببعیہ رحمت بلوچ نے کی۔ سیشنز میں معیاری تعلیم، والدین اور کمیونٹی کی شرکت، تنازعات کے حل، مالی نظم و نسق اور ریکارڈ کی دیکھ بھال جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔
اسکول کے ہیڈ ماسٹر صلاح الدین سمالانی نے تربیتی سیشنز کا جائزہ لیا اور ان کے معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تربیتی پروگرامز سے اسکول کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے اور کمیونٹی کو بھی اسکولنگ کے عمل میں مؤثر طور پر شامل کیا جا سکتا ہے۔ اختتامی تقریب میں شرکاء نے تربیت کو مفید اور معلوماتی قرار دیا محترمہ مسرت شاہین، محترمہ بی بی رابعہ محترمہ بی بی صدف، ماسٹر حمیداللہ سمالانی اور علی احمد بنگلزئی سمیت دیگر شرکاء نے کہا کہ اس تربیت نے انہیں اسکول کی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کا جذبہ دیا ہے تقریب کے اختتام پر شرکاء میں تربیتی اسناد تقسیم کی گئیں اور ان کے اعزاز میں پرتکلف طعام کا اہتمام بھی کیا گیاتھا