ریاض ۔ 4 جولائی (اے پی پی) توسیع حرم کے جاری منصوبے کی تکمیل کے بعد صحن مطاف کی خالی جگہوں کومکمل کرنے کے لیے فی گھنٹہ 30 ہزار زائرین کے طواف کا اہتمام کیا جائے گا۔زائرین کی سہولت اور ان کی حفاظت کے پیش نظر مسجد حرام، اس کی منازل، گیلریوں اور صحن مطاف میں انسانی ہجوم میں کمی کے حوالہ سے جو فیصلہ کیا گیا ہے اس کا مقصد معتمرین کی سیکیورٹی اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ جیسے ہی توسیع کا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا سیکیورٹی ویژن اور انتظامی پلان کی روشنی میں عمل درآمد کرتے ہوئے سہولت اور آسانی کے لیے فی گھنٹہ 30 ہزار زائرین کو طواف کا موقع دیا جائے گا۔اس وقت کل تیار شدہ صحن مطاف 28 ہزار 870 مربع میٹر جگہ پر مشتمل ہے۔ مطاف میں طواف کے دوران سیکیورٹی حکام کی توجہ طواف کرنے والوں کی سیکیورٹی، انہیں منظم اور متحد رکھنے اور انہیں نماز کی اوقات میں نماز کی صفیں ترتیب دینے میں مر کوز ہے۔