مکہ مکرمہ ۔11نومبر (اے پی پی):مکہ مکرمہ میں جبل عمر ڈیویلپمنٹ کمپنی نے 3881 مربع میٹر رقبے پر مشتمل ایک پلاٹ تقریبا 660 ملین ریال میں مشارکہ کیپٹل کمپنی کو فروخت کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تاکہ ایک منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔اخبار 24 کے مطابق کمپنی کے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پلاٹ کی بک ویلیو 165.5 ملین ریال ہے، جس میں ڈیویلپمنٹ کی قیمت بھی شامل ہے۔
اسی تناظر میں لادن انویسٹمنٹ کمپنی نے اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے مکہ مکرمہ میں جبل عمر منصوبے کے اندر رہائشی اور ہوٹل ٹاور کی تعمیر کے لیے مشارکہ کیپٹل کے ساتھ 1.45 ارب ریال مالیت کے ریئل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کے قیام میں سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کرنے کی منظوری کا اعلان کیا۔5 سالہ معاہدے میں 525 ملین سعودی ریال کے سرمائے سے ریئل اسٹیٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کے قیام میں سرمایہ کاری، مشارکہ کیپیٹل کے ذریعے اس کے قیام کے لیے ریگولیٹری منظوری حاصل کرنا اور جبل عمر ڈیویلپمنٹ کمپنی سے مکہ مکرمہ کے وسطی علاقے میں 3881 مربع میٹر اراضی حاصل کرنا شامل ہے۔
منصوبے کے لیے مشارکہ کیپٹل فنڈ کا انتظام کرے گا اور ’فنڈ منیجر‘ کی حیثیت سے منصوبے کے لیے فنڈز کے ذرائع فراہم کرے گا۔ اسی طرح لادن انویسٹمنٹ کمپنی ڈیویلپر، مارکیٹنگ اور ایگزیکیوٹر کے طور پر کام کرے گی۔ قائم کیے جانے والے فنڈ کے سرمائے کا کچھ حصہ مشارکہ کیپٹل کمپنی کے زیر انتظام ہوگا۔