مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں غیر ملکیوں کو رئیل سٹیٹ کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری کی اجازت

144
Capital Market Authority
Capital Market Authority

مکہ مکرمہ۔27جنوری (اے پی پی):مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں غیر ملکیوں کو فہرست شدہ رئیل سٹیٹ کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری کی اجازت دےدی گئی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے اس کے لیے ضوابط مقرر کئے ہیں جن پر پیر(آج) سے عملدر آمد شروع ہوگا۔ کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رئیل سٹیٹ کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری کی اجازت دینا سعودی عرب کی اقتصادی حکمت عملی کا حصہ ہےجس کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور رئیل سٹیٹ کے شعبے کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

اس فیصلے سے سعودی عرب کی ترقیاتی منصوبوں اور بالخصوص مقدس شہروں میں رئیل سٹیٹ کی ترقی کو مزید رفتار ملے گی۔یہ فیصلہ 2030 وژن کا ایک اہم حصہ ہے جو غیر ملکی سرمایہ کاری کو ملک میں لانے، معیشت کو متنوع بنانے اور ترقیاتی سرگرمیوں کو بڑھانے پر زور دیتا ہے۔ اتھارٹی نے وضاحت کی ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حدود میں واقع جائیدادوں کی مالک کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری مخصوص ضوابط کے تحت ہوگی۔

ان ضوابط کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سعودی کمپنیوں کے شیئرز میں سرمایہ کاری کرنے کی اجازت ہوگی جو سعودی مالیاتی مارکیٹ میں درج ہیں یا ان کمپنیوں کے شیئرز میں تبدیل ہونے والے قرض کے آلات یا دونوں میں سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔ غیر ملکی افراد اور اداروں کی ملکیت مجموعی طور پر کمپنی کے شیئرز کا 49 فیصد سے تجاوز نہیں ہوسکتی۔