اسلام آباد ۔ یکم جون (اے پی پی) اسلامی تعاون تنظیم نے بیت القدس سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں حقائق کو تبدیل کرنے اور دو ریاستی حل کو نقصان پہنچانے سے متعلق اسرائیل کے ان تمام غیرقانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے رکن ملکوں پرزوردیاگیا ہے وہ اپنے سفارت خانے بیت المقدس منتقل کرنے والے ملکوں کے خلاف مناسب اقدامات کریں۔ ہفتہ کو مکہ مکرمہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے اختتام پر جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیے میں پر امن بقائے باہمی کے ایجنڈے کا مطابہ کرتا ہوئے دہشت گردی کو کسی بھی مذہب یا قومیت سے جوڑنے کو مسترد کیا ہے۔اعلامئے میں دہشت گرد تنظیموں کیخلاف اٹھ کھڑے ہونے اور دہشت گردی کی لعنت پر قابو پانے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔اسلامی تعاون تنظیم نے اس بات پر زوردیا کہ خلیجی خطے میں دہشت گردی کی کارروائیاں جہازوں کی سیکورٹی اور تیل کی عالمی رسد کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی اور استحکام کو برقرار رکھنے اور مسلم معاشروں میں خوشحالی اور پر وقار زندگی کو عملی جامہ پہنانے کی غرض سے سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کیلئے نئی راہیںکھولنے کی ضرورت ہے۔