مکہ مکرمہ ۔3مئی (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی جانب سے حج سیزن کے آغاز اور’مکہ پرمٹ‘ کے قانون پرعمل درآمد کے باعث مسجد الحرام میں پہلے جمعہ میں عازمین حج کی محدود تعداد نے مسجد الحرام میں نماز جمعہ ادا کی۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال بن الشلھوب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سکیورٹی اداروں نے حج ضوابط کی خلاف ورزی پرمقرر کی جانے والی سزاؤں پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کی ادائیگی کے لیے پرمٹ کی شرط لازمی ہے جو بھی پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں داخل ہوگا یا وہاں قیام کرنے کی کوشش کرے گا وہ قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو گا جس پر 20 ہزار ریال کا جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال وزارت داخلہ کی جانب سے یکم ذوالقعدہ سے ہی مکہ پرمٹ کی شرط پر عمل درآمد کرتے ہوئے عمرہ و دیگر ویزوں پر آنے والوں کےلیے مکہ مکرمہ میں داخلے کی پابندی عائد کردی ہے۔حج سیزن کے آغاز میں آنے والےعازمین مسجد الحرام میں آرام سے عبادت میں مصروف ہیں جبکہ شہر مقدس میں ازدحام کی صورتحال بھی پیدا نہیں ہوئی جبکہ پہلے جمعہ میں عازمین حج کی محدود تعداد نے نماز جمعہ ادا کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591638