اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مگرمچھ کے آنسو بہانے والے اپنے دور میں قوم کو انصاف کارڈ،کسان کارڈ کیوں نہیں دیا، آپ کی شوگر ملیں کسانوں کا پیسہ دبائے ر کھتی تھیں ، آج کاشتکاروں اورکسانوں کو پورا پیسہ مل رہا ہے،لولی لنگڑی 9 جماعتوں کی پی ڈی ایم اپنا مذاق خود بنی ہوئی ہے، کہاں ہیں استعفی، عدم اعتماد اور لانگ مارچ؟کہانیاں سن سن کر لوگوں کے کان پک گئے ہیں، لوگوں کو گمراہ کرنا بند کریں،نواز شریف نے سٹینڈ لینے کی نہیں کرپشن اور لوٹ مار کی قیمت ادا کی ہے۔
ہفتہ کو مریم صفدر کے خطاب پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ فیصل آباد کے لوگوں کا شکریہ جنہوں نے سیاسی بے روزگاروں کے سرکس کو مسترد کردیا،جلسہ گاہ خالی تھا، ان کو خالی کرسیوں سے خطاب کرنا پڑا،یہ و ہی فیصل آباد تھا جس کو انہوں نے ٹیکسٹائل کا قبرستان بنایا تھا، ن لیگ کے دور میں پاور لومز کباڑ کے بہائو بک ر ہے تھے ،ٹیکسٹائل کو تالے لگے ہوئے تھے،
عمران خان کی حکومت میں فیصل آباد کی رونقیں بحال ہوچکیں ہیں،ٹیکسٹائل کی صنعت ترقی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مریم سے پوچھ رہی ہے کہ لندن تو کیا میری پاکستان میں جائیداد نہیں اس بات پر معافی کیوں نہیں مانگ رہیں، بعد میں لندن میں 4 فلیٹس نکل آئے،قوم ان ذرائع کا پوچھ رہی ہے جن سے یہ فلیٹ خریدے،قطری خط کو تو عدالت نے بھی نہیں مانا، آپ تو ریکارڈ یافتہ جعلساز ہیں، کیلبری فونٹ پکڑا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے بھائیوں کے پاس کون سا جنتر منتر تھا کہ 17،18 سال کے بھائی لندن کے فلیٹس کے مالک بن گئے،قوم کا لوٹا ہوا 90 کی دہائی کا پیسہ ہے جو منی لانڈرنگ کرکے لے گئے اور جائیدادیں بنائیں، آپ کو اس وقت فکر نہیں تھی جب قوم کا پیسہ لوٹ رہے تھے،3،3 بار وزیراعظم بننے والے نواز شریف نے ایک ڈیم نہیں بنایا،ن لیگ قومی مجرم ہے ،مہنگے بجلی گھر لگائے،2023 تک 1300ارب کیپسٹی پیمنٹ کی مد میں ادا کرنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اداروں کے سربراہان کو نشانہ بناتے ہیں،مودی نے اداروں کو بدنام کرنے کا ٹھیکہ مریم کو دے رکھا ہے، پاکستان کے د شمن محب اللہ سے ملاقاتوں پر معافی نہیں مانگی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل جیلانی کی گود میں بیٹھ کر سیاست کرنے والے سول بالادستی کی بات کررہے ہیں،آپکے خلاف فیصلہ آئے تو اعلی عدلیہ بری،سپریم کورٹ،نیب پر حملہ ، فون کالز پر فیصلے آپ لکھواتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم کی جدو جہد کیا ہے، یہ ہی کہ نواز شریف کی بیٹی ہیں، مریم آپ کو بھی جھوٹ بولنے اور کرپشن پر 7 سال کی سزا ہوئی ہے،جس نے ملک کا پیسہ لوٹا ہوا ہے عوام اور ادارے اسکی عزت نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے جلسے میں بھی کشمیر پر بات نہیں کی گئی ، کہیں آپ کے انکل مودی ناراض نہ ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ م اور شں کی لڑائی واضح ہوچکی ہے، پہلے اپنے چچا کے آگے اپنی قیادت کو منوا لیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو بینک ڈیفالٹ سے بچایا، 1100ارب کسانوں کو اضافی دیئے، کاروبار چل رہا ہے، نومبر میں عوام کے لئے فوڈ رعائیتی کارڈ پیکج متعارف کرارہے ہیں۔