مہران یونیورسٹی اور ھیک سندھ کی جانب سے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام تحت اساتذہ کی تربیت کیلئے پانچ روزہ ورکشاپ کا افتتاح ہو گیا

66

حیدرآباد۔ 21 مئی (اے پی پی):مہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو اور سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جامعہ مہران کے اساتذہ کی تربیت اور سیکھ کیلئے پانچ روزہ ورکشاپ کا افتتاح واٹر سینٹر جامعہ مہران میں ہوا۔ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ جامعہ مہران پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی نے کہا کہ آج کے دور میں اساتذہ معلومات کا واحد ذریعہ نہیں رہا ،معلومات کے آسان ذرائع ایک سے زائد ہو چکے ہیں، آج کا طالبعلم استاد سے بھی پہلے معلومات تک پہنچ رکھتا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی نے کہا کہ زمانہ مل جل کر سیکھنے کا ہے، طلبہ کے ساتھ استاد بھی سیکھنے کے مرحلے سے گذر رہا ہوتا ہے اور کہیں کہیں استاد سے زیادہ طالبعلم کو معلومات ہوتی ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی نے کہا کہ ہمیں جامعات میں بہترین اساتذہ کی ضرورت ہے، ایسے اساتذہ جو سیکھنے اور سکھانے کا ہنر جانتے ہوں۔ پروفیسر ڈاکٹر آفتاب احمد میمن نے کہا کہ چیٹ جی پی ٹی (Chat GPT) اور دیگر ذرائع نے طالبعلم کے سیکھنے اور معلومات حاصل کرنے کے ذرائع آسان بنا دیئے ہیں، اب طالبعلم جاننے اور سیکھنے کا محتاج نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ استاد کو وقت کی ضرورت کے مطابق خود کو تبدیل کرنا ہوگا، آج کے طالبعلم کی سیکھنے اور سمجھنے کی صلاحیت بھی زیادہ ہے۔ تقریب سے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندہ ڈاکٹر امجد آرائیں، ورکشاپ کے فوکل پرسن اور میوٹا کے صدر ڈاکٹر نصراللہ پیرزادہ نے بھی خطاب کیا جبکہ افتتاحی تقریب میں ڈین فیکلٹی ڈاکٹر رضوان میمن، ڈاکٹر عبدالستار لاڑک اور رجسٹرار لچھمن داس سوٹھڑ نے بھی شرکت کی۔