اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):مہمند ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تحت پاور ہاؤس کی تعمیر کے سلسلے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جہاں پہلے سٹرکچرل کنکریٹ کی ڈالائی کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے۔ منگل کو چائنا گیزوبہ گروپ کمپنی (سی جی جی سی ) جو کہ چائنہ انرجی انجینئرنگ کوآپریشن پاکستان کی ذیلی کمپنی ہے ،کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ سنگِ میل منصوبے کے لئے ایک بڑی کامیابی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ منصوبہ اب بنیادوں کی تعمیر کے مرحلے سے آگے بڑھ کر مرکزی سٹرکچر کی تعمیر کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
اس مرحلے کی تکمیل نے ٹربائن کی تنصیب اور پاور ہاؤس کی مکمل تعمیر کے لئے ایک مضبوط اور مستحکم بنیاد فراہم کر دی ہے۔پراجیکٹ کی ٹیم، انجینئرز اور مزدوروں کی محنت اور تکنیکی مہارت کی بدولت یہ اہم مرحلہ بروقت اور کامیابی سے مکمل ہوا ہے۔
مہمند ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نہ صرف توانائی کے شعبے میں خودکفالت کی طرف ایک اہم قدم ہے بلکہ یہ مقامی آبادی کے لئے روزگار کے مواقع، زرعی ترقی اور پانی کے ذخائر کی بہتری میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔حکومتِ پاکستان اور واپڈا پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے پرعزم ہیں اور تمام متعلقہ ادارے منصوبے کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لئے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔