اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):صارفین کے لئے قیمتوں کے عمومی اشاریہ (سی پی آئی) نومبر میں 4.9فیصد کی سطح پر ریکارڈکی گئی ہے جو اپریل 2018 کے بعد مہنگائی کی کم ترین سطح ہے۔ پاکستان ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کی طرف سے جاری کر دہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق نومبر میں صارفین کے لئے قیمتوں کا عمومی اشاریہ 4.9 فیصد ریکارڈکیاگیا جو اکتوبر میں 7.2 فیصد اور گزشتہ سال نومبر میں 29.2 فیصد تھا۔ شہری علاقوں میں صارفین کے لئے قیمتوں کا عمومی اشاریہ 5.2فیصد تک گرگیا ہے جو اکتوبر میں 9.3 فیصد اور گزشتہ سال نومبر میں 30.4 فیصد تھا۔
دیہی علاقوں میں صارفین کے لئے قیمتوں کا اشاریہ 4.3فیصد ریکارڈکیاگیا جو اکتوبر میں 4.2فیصد اور گزشتہ سا ل نومبر میں 27.5فیصد تھا۔ نومبر میں صارفین کے لئے قیمتوں کا حساس اشاریہ (ایس پی آئی) 7.3فیصد ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبر میں 9.7فیصد اور گزشتہ سال نومبر میں 30.6فیصد تھا۔ ہول سیل پرائس انڈکس نومبر میں 2.3فیصد ریکارڈکیاگیا جو اکتوبرمیں 3.9فیصد اور گزشتہ سال نومبر میں 26.4فیصد تھا۔ شہری علاقوں میں نان فوڈ نان انرجی افراط زر کی شرح نومبر میں 8.9فیصد کی سطح پر ریکارڈکی گئی جو اکتوبر میں 8.6فیصد اور گزشتہ سال نومبر میں 18.6فیصد تھی۔
دیہی علاقوں میں نان فوڈ نان انرجی افراط زر کی شرح نومبر میں 10.9فیصد کی سطح پر ریکارڈکی گئی جو اکتوبر میں 11.7 فیصد اور گزشتہ سا ل نومبر میں 25.9 فیصد تھی۔ شہری علاقوں میں بنیادی افراط زر کی شرح نومبر میں 7.5فیصد ریکارڈکی گئی جو اکتوبر میں 6.4فیصد اور گزشتہ سال نومبر میں 22.9فیصد تھی۔ دیہی علاقوں میں بنیادی افراط زر کی شرح 7.8 فیصدریکارڈکی گئی جو اکتوبرمیں 7.2فیصد اور گزشتہ سال نومبر میں 27.9فیصد تھی۔
نومبر کے دوران چکن کی قیمتوں میں 16.94 فیصد، دال ما ش 7.36فیصد، تازہ سبزیاں 7.17فیصد، تازہ پھل 6.73فیصد ، دال چنا 4.33فیصد، پیاز 3.03فیصد، مصالحہ جات 2.31فیصد، چینی 2.4فیصد، گڑ 2.06فیصد، آٹا1.52فیصد، دال مسور 1.24فیصد، چاول 0.86فیصد اور گندم سے بنی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی۔ اسی طرح بجلی کی قیمتوں میں 0.22فیصد، آلات کی قیمت میں 0.13فیصد، سٹیشنری 0.05فیصد اور تعمیراتی سامان کی قیمت میں 0.03 فیصدکی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
اسی طرح ٹماٹر کی قیمت میں ماہانہ بنیادوں پر 26.56فیصد، انڈے 11.83فیصد، دال مونگ 11.15فیصد، شہد 10.34فیصد، آلو 8.64فیصد، سرسوں کا تیل 7.48فیصد، بناسپتی گھی 4.69 فیصد، مکھن 3.49 فیصد، ڈرائی فروٹس 3.05 فیصد، مچھلی 2.96 فیصد، کوکنگ آئل 2.41 فیصد، لوبیا 2.35 فیصد، تیار خوراک 1.60 فیصد، مشروبات 1.02 فیصد، گوشت 0.61 فیصد اور دودھ سے بنی مصنوعات کی قیمتوں میں 0.45 فیصد کا اضافہ ہوا ۔