ملتان ۔ 18 نومبر (اے پی پی):ملتان میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مہنگائی مافیا کے خلاف کریک ڈاون کا سلسلہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو روزانہ کی بنیادوں پر انسپکشن کی تعداد بڑھا کر بھاری جرمانے عائد کرنے کا ٹاسک دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر افس میں منعقدہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف نے پرائس کنٹرول مہم پر تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے خصوصی فوکس ہے، اس سلسلے میں منڈیوں سے عام مارکیٹ تک سستی اشیا خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام دکانوں اور بڑے سٹورز پر سرکاری ریٹس آویزاں کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ انسپیکشن کے ذریعے اشیاءخورد و نوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاو پر کڑی نظر رکھی جائے۔