مہنگائی کی شرح میں مزید کمی حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اقدامات کے درست سمت میں ہونے کی سند ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا جنوری میں مہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح پر آنے کا خیرمقدم

90
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوری میں مہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح پر آنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کی شرح میں مزید کمی حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اقدامات کے درست سمت میں ہونے کی سند ہے،پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سال 2024ء کے آغاز میں مہنگائی کی شرح 28.73 فیصد تھی جو دسمبر 2024ء میں 4.1 فیصد تک کم ہوئی،جنوری 2025ء میں مہنگائی کی شرح مزید کم ہو کر 2.4 فیصد پر آ چکی ہے،مہنگائی کی شرح کا بتدریج کم ہونا انتہائی خوش آئند ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری آ رہی ہے، مہنگائی میں بتدریج کمی سے تمام شعبوں میں ترقی کے مثبت اشاریے دیکھنے میں آ رہے ہیں، مہنگائی کی شرح میں مزید کمی حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اقدامات کے درست سمت میں ہونے کی سند ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مہنگائی میں مزید کمی، عام آدمی کی زندگی میں بہتری اور قومی فلاح و بہبود کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے۔