میئر حیدرآباد کی زیر صدارت جشن عید میلادالنبی ﷺکے انتظامات بارے اجلاس کا انعقاد

200

حیدرآباد۔ 09 ستمبر (اے پی پی):میئر حیدرآباد بلدیہ اعلیٰ کاشف شورو کی زیرصدارت عید میلادالنبی ﷺکے سلسلے میں شہر بھر میں نکالے جانے والے جلوسوں و دیگر محافلوں کے انعقاد کے انتظامات کے حوالے سے اک اجلاس منعقد کیا گیا ۔میئر سیکریٹریٹ سوک سینٹر میں منعقدہ اجلاس میں شہر کی مختلف مذہبی شخصیات، علما کرام، مشائخ، ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے عہدیداران، مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور میلادکمیٹیوں و انجمنوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس میں مئیر حیدرآباد کاشف شورو کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گدا حسین سومرو، میونسپل کمشنر ظہور احمد لکھن، ٹان میونسپل کارپوریشنز کے چیئرمین عبدالغفور درس، مصطفی بلال، ،منٹھار جتوئی، تاج ولی، عمیر چانڈیو، جماعت اہل سنت کے نعیم اختر رضوی، انجمن فدائیان رسول کے صدر اشتیاق الدین درگاہ سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی کے چیئرمین حاجی گلشن الہی کے صاحبزادے حسان الہی، انجمن شیدائیان رسول کے محبوب عالم شیروانی، سنی تحریک کے عمران قادری، جمعیت علما پاکستان کے یونس ، دعوت اسلامی کے جہانزیب عطاری، حیدرآباد چمبر کے نجم الدین قریشی، ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے ذمہ داران، بلدیہ اعلی حیدرآباد اور سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ،ریسکیو1122 کے افسران ودیگر بھی شریک تھے۔ اجلاس میں تمام شرکاء نے میئر حیدرآباد کو اپنے اپنے مسائل اور تجاویز پیش کیں اور حالیہ دنوں ہونے والی برساتوں میں میئر حیدرآباد کی ذاتی کاوشوں اور بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے میئر حیدرآباد کی ہدایت پر ربیع الاول کی مناسبت سے شہر میں کرائے جانے والے انتظامی کاموں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مئیر کاشف علی شورو نے کہا کہ ربیع الاول امت مسلمہ کیلئے عقیدت واحترام اور انتہائی اہمیت کا حامل مہینہ ہے، اس مبارک ماہ میں ہی حضور انور سرور کونین حضرت محمدﷺکو دنیا کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے بھیجا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس کا بنیادی مقصد سرکار دو عالم حضرت محمدﷺکے جشن ولادت کو شایان شان طریقے سے منانا ہے اور اس اہم موقع پر تمام مکاتب فکر کے مابین مذہبی رواداری کو برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ربیع الاول کی آمد کے ساتھ ہی مختلف مذہبی جماعتوں، میلادکمیٹیوں اور انجمنوں کی جانب سے نکالے جانے والے جلوسوں کی گذرگاہوں، میلاد کے مقامات، مساجد، مزارات اور امام بارگاہوں کے اطراف میں صفائی ستھرائی اور روشنی کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے بلدیہ اعلی کے متعلقہ شعبوں کو پہلے ہی متحرک کردیا ہے اور 12ربیع الاول سے قبل تمام تر انتظامات مکمل کر لئے جائیں گے ۔ اجلاس سے مختلف علما کرام اور انجمنوں کے عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔