کراچی۔ 13 فروری (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے عیسی نگری میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بحالی کا سنگ بنیادرکھ دیا، 52ایکڑ پر محیط اس کچی آبادی کو ماڈل آبادی بنا رہے ہیں، کراچی کے ساتوں اضلاع میں واقع سات مزید کچی آبادیوں کو ماڈل کچی آبادی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو 63کروڑ روپے کی لاگت سے عیسی نگری میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بحالی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی میئرکراچی سلمان عبداللہ مراد، میئر کراچی کے نمائندہ خصوصی برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، یوسی چیئرپرسن صنم بلوچ، پروجیکٹ ڈائریکٹر عثمان معظم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
میئر کراچی نے کہا کہ عیسی نگری میں صنم بلوچ منتخب یوسی چیئرمین ہیں، انہی کی توجہ سے یہاں کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی کے تحت یہ منصوبہ شروع کیا ہے، الیکشن کمیشن کی پابندی کے سبب پہلے اس کام کو شروع نہ کرایا جاسکا، اس جگہ مختلف قومیتوں کے لوگ بستے ہیں، یہاں سیوریج اور پانی کے نظام کی بحالی کے لئے نئی لائنیں بچھائی جارہی ہیں، دسمبر تک ان دونوں کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا، ضلع وسطی کی کچی آبادی سوبا نگر کی بحالی کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے عیسی نگری کی 30ہزار سے زائد آبادی کو پانی فراہم ہوگا جبکہ نکاسی آب کا نظام ٹھیک ہونے سے عیسی نگری قبرستان میں سیوریج کا پانی جمع ہونے سے بھی نجات ملے گی، عوام کو سہولتیں مہیا کررہے ہیں، پیپلزپارٹی کا وژن ہر علاقے کو یکساں ترقی دینا ہے، ہم رنگ و نسل اور تعصب پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت عیسی نگری میں 32ہزار 50رننگ فٹ فراہمی آب کی لائنیں بچھائی جا رہی ہیں جن میں 75، 110، 160 اور 200 ملی میٹر قطر کی لائنیں شامل ہیں۔
اسی طرح نکاسی آب کے نظام کی بحالی کے لئے علاقے میں 26ہزار 963رننگ فٹ پر مشتمل 12.9،15 اور 18 انچ قطر کی سیوریج لائنیں ڈالی جا رہی ہیں۔ پانی ذخیرہ کرنے کے لئے زیر زمین ڈیڑھ لاکھ گیلن گنجائش کا واٹر ٹینک جبکہ 60ہزار گیلن کا اوور ہیڈ واٹر ٹینک بھی تعمیر کیا جا رہا ہے، فراہمی و نکاسی آب کا نیا نظام علاقے میں 2050کی ضروریات کے لئے کافی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال ایک ٹیسٹ کیس ہے، عباسی شہید اسپتال اور میٹروپولیٹن یونیورسٹی اور نرسنگ اسکول کے آئی ایچ ڈی کو ٹھیک کرکے دکھائیں گے، ہم نے عباسی شہید اسپتال کی لیبارٹری بحال کردی ہے۔ دیگر طبی سہولیات کو بھی بہتر بنا رہے ہیں۔