کراچی۔ 13 جنوری (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے 500ملین روپے کی لاگت سے نہر خیام کی بحالی اور توسیع کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، یوسی 12کے چیئرمین سلطان محمد، پروجیکٹ ڈائریکٹر شبیہ الحسنین زیدی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
میئر کراچی نے ہفتہ کو منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پورے علاقے کے سیوریج کے نظام کو ہم درست کررہے ہیں اور اس نئے منصوبے کے نہر خیام کی دوسری جانب سیوریج کا نیا نظام ڈالا جارہا ہے، نہر تو اب نظر نہیں آرہی نالے میں تبدیل ہوچکی تھی، بلدیہ عظمی کراچی شہر کی بہتری کے لیے کام کررہی ہے، نہر خیام کو بہتر کرنے اور سڑکوں کی توسیع کے پروجیکٹ میں شاہد عبداللہ نے ہماری بہت مدد کی ہے اور نہرخیام کو بہتر کرنے کا منصوبہ انہوں نے پیش کیا تھا۔
میئر کراچی نے کہا کہ ڈیڑھ کلو میٹر ڈرین اور ساڑھے چھ کلومیٹر طویل سڑکو بھی توسیع دی جارہی ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے کی خوبصورتی میں ا ضافہ ہوگا اور سیوریج کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کراچی ہم سب کا شہر ہے اس کی بہتری کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، ہم عام انتخابات کے بعد کراچی کے لیے مزید نئے میگا پروجیکٹس کا آغاز کریں گے، تاکہ کراچی کو بہتر سے بہتر کیا جاسکے۔
ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ عام انتخاب میں عوام ہی بہتر فیصلہ کرے گی، کہ کس نے شہر کی خدمت کی ہے اور کون وہ لوگ ہیں جو بینرز اور تصاویر لگا کر عوام کو بے وقوف بنانے کوشش کررہے ہیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کے لیے بھر پور توجہ دی جارہی ہے۔
پارکوں، کھیل کے میدانوں اور برساتی نالوں کی بہتری اور تعمیر و ترقی کا عمل بھی جاری ہے۔ میئرکرااچی نے کہا کہ اختیارات کا کوئی مسئلہ نہیں ہم اپنے ریونیو کو بہتر کریں گے اور اس سے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبے مکمل کریں گے۔