میئر کراچی کاماڑی پور ٹرک اسٹینڈ کا دورہ،اسٹینڈپر قائم ہر قسم کی تجاوزات کو فوری ختم کیا جائے،مرتضی وہاب

123
بلدیہ عظمی کراچی دل کے دورے اور انجریز کی صورت میں فوری ہنگامی امداد مہیا کرنے کے لئے شہریوں کو تربیت دے گی، میئر کراچی

کراچی۔ 08 اگست (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ کو 1996 میں بنائے گئے ماسٹر پلان کے مطابق بنایا جانا چاہیے، ٹرک اسٹینڈ سے تمام تجاوزات کا فوری خاتمہ ہوگا، نالے پر بنائی گئی دکانیں اگر غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئیں ہیں تو انہیں منہدم کردیا جائے گا، ٹرک اسٹینڈ سے پارکنگ فیس اور ایم یو سی ٹی کی مد میں جو رقوم ملیں گی اس کا 60 فیصد ٹرک اسٹینڈ کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر، پانی و سیوریج کے کاموں پر صرف کیا جائے گا، گرائونڈ رینٹ، ایم یو سی ٹی اور پارکنگ فیس سے متعلق معاملات طے کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ کے دورے کے موقع پرکیا۔ اس موقع پر ضلع جنوبی میں پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل کرم اللہ وقاصی، چیئرمین کیماڑی ٹائون ہمایوں خان، یوسی چیئرمین غلام حسین، کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے صدر نور خان نیازی، کے ایم سی کے متعلقہ محکموں کے سربراہان اور سندھ ٹرک اونرز ایسوسی ایشنز کے ممبران اور ٹرک اونرز بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

میئر کراچی کو بتایا گیا کہ ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ میں 441جعلی لیزیں جاری کی گئیں جن میں سے 17لیزوں کو ہائی کورٹ نے ایک کیس کے نتیجے میں منسوخ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جگہ ٹرک اسٹینڈ کے لیے ناکافی ہے لہذا نئے ٹرک اسٹینڈ کے لیے ایک ہزار ایکڑ جگہ دی جائے تاکہ آئندہ 50سال تک کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔ میئر کراچی نے سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کو ہدایت کی کہ ٹرک اسٹینڈ پر قائم ہر قسم کی تجاوزات کو فوری ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرک اسٹینڈ کے علاوہ ہاکس بے، گلبائی اورپورے ماڑی پور روڈ پر جو پارکنگ ہورہی ہے اسے ختم کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے ڈائریکٹر لینڈ کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ٹرک اسٹینڈ پر سالانہ چار ہزار دوسو روپے لینڈ رینٹ کی ریکوری کے لیے کائونٹر بنایا جائے۔ میئر کراچی نے اس موقع پر ایک کمیٹی کی تشکیل کا بھی اعلان کیا جس میں چیئرمین کیماڑی ٹائون ہمایوں خان متعلقہ یوسی چیئرمین، ایڈیشنل ڈائریکٹر فنانس وصی عثمانی اور کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے ایک نمائندے کو بھی شامل کیا گیا ہے، یہ کمیٹی ٹرک اسٹینڈ پر گرانڈ رینٹ، ایم یو سی ٹی اور پارکنگ فیس سے متعلق معاملات کو باہمی رضا مندی سے طے کرے گی۔

میئر کراچی نے اس موقع پر سندھ گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن اور ٹرک اسٹینڈ کے دیگر حصوں کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ ٹرک اسٹینڈ پر چوک گٹر لائنوں کی وینچنگ کی جائے گی اور صفائی ستھرائی کا انتظام کیا جائے گا تاکہ اسے بہتر بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرک اونرز کو جو مسائل درپیش ہیں انہیں حل کیا جائے گا، تجاوزات، غیر قانونی لیز، برساتی نالے اور پانی کی فراہمی کے مسائل حل کریں گے، ماڑی پور روڈ تعمیر کردیا گیا ہے، اس کی حفاظت کا ذمہ ٹرک اونرز کو اٹھانا چاہیے،کراچی سے پورے ملک کو سامان کی ترسیل انہی ٹرکوں کے ذریعے ہوتی ہے، ٹرکوں کے ذریعے اربوں روپے مالیت کے سامان کی پورے ملک کو ترسیل ہوتی ہے اس لئے ٹرک اونرز کے مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔