فلوریڈا۔19مارچ (اے پی پی):جاپان کی نامور ٹینس کھلاڑی اور چار گرینڈ سلام ٹائٹلز کی فاتح نائومی اوساکا اور امریکا کی ٹینس کھلاڑی سوفیا کینن میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنے والی جمہوریہ چیک کی ٹینس سٹار اور دو مرتبہ کی ومبلڈن اوپن چیمپئن پیٹرا کویٹووا خواتین کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں ۔میامی اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ ہارڈ روک سٹیڈیم، فلوریڈا میں شروع ہوچکا ہے،جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
خواتین کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں جاپان کی نامور ٹینس کھلاڑی اور چار گرینڈ سلام ٹائٹلز کی فاتح نائومی اوساکا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے یوکرین کی حریف کھلاڑی یولیا وولوڈیمیریونا کو 6-3، 4-6 اور 3-6 سے ہرا کر نہ صرف ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا بلکہ دوسرے رائونڈ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔
ایک اور میچ میں امریکی ٹینس سٹار سوفیا کینن نے بھی ابتدائی رکاوٹ عبور کر لی ، انہوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنے والی جمہوریہ چیک کی ٹینس سٹار اور دو مرتبہ کی ومبلڈن اوپن چیمپئن پیٹرا کویٹووا کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 5-7 سے ہرا کر نہ صرف ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا بلکہ ویمنز سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574028