اقوام متحدہ۔ 07 فروری (اے پی پی) میانمر کی ریاست راکھین میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم غیر انسانی اور ناقابل قبول ہیں۔ یہ بات اقوام متحدہ کے خصوصی مشیر اڈامو ڈیونگ کی طرف سے جاری بیان میں کہی گئی۔ انہوں نے کہا کہ میانمر میں روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار بارے اقوام متحدہ کے ہائی کشمنر برائے انسانی حقوق کی رپورٹ سے بھی ان الزامات کو تقویت ملتی ہے کہ میانمر کی سکیورٹی فورسز اس علاقے میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔ اس علاقے میں بڑے پیمانے پر اجتماعی زیادتیوں ‘ ماورائے عدالت قتل جن میں کمسن حتیٰ کہ شیر خوار بچوں کا قتل بھی شامل ہے، ظالمانہ تشدد اور لوگوں کو لاپتہ کرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں اور یہ سارے اقدامات انسانیت کے خلاف جرائم ہیں۔