
اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو کی زیر صدارت آر ایل این جی پاور پلانٹس، ڈسکوز اور اسٹیل ملز کی نجکاری/بحالی کے حوالہ سے مختلف اجلاس بدھ کو یہاں وزارت نجکاری میں منعقد ہوئے۔ وزارت نجکاری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پہلے اجلاس میں سیکرٹری نجکاری، ڈی جی پٹرولیم و دیگر وزارتوں کے عہدیداران نے شرکت کی ہے، جبکہ چئرمین ایف بی آر، سی ای او این پی پی ایم سی ایل، سی ای او سی پی پی اے۔جی بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔
اس مو قع پر حویلی بہادر شاہ اور بلوکی پاور پلانٹس کی نجکاری کے مختلف امور پر غور کیا گیا۔اجلاس میں شریک تمام متعلقہ اداروں اور وزارتوں نے پاور پلانٹس کی مقررہ مدت کے اندر نجکاری ممکن بنانے کی کوششوں پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ پاور پلانٹس کی نجکاری کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق ہوگی۔ اسی طرح ڈسکوز کے حوالی سے منعقدہ اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی تابش گوہر بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں پاور ڈسٹریبیوشن کمپنیوں کی نجکاری بارے طریقہ کار کابینہ کمیٹی برائے نجکاری میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ نجکاری کا طریقہ کار ڈسکوز کے ورکنگ گروپ نے تجویز کیا ہے۔ وفاقی وزیر نجکاری نے کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری کا مقصد سروس کے معیار کی بہتری اور نقصانات کو کم کرنا ہے۔ نجکاری سے ڈسٹریبیوشن کمپنیوں کی کارکردگی بہتر ہو گی۔
مزید برآں ایک علیحدہ اجلاس کے دوران پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی بارے ہفتہ وار پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اسٹیل ملز کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو اور وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کی۔
اس موقع پر پورٹ قاسم اتھارٹی اور پاکستان اسٹیل ملز کے درمیان راستے کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کو ممکن بنانے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔