پشاور۔28مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور وصوبائی صدر خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا کے غیور عوام نے عمران خان کے لانگ مارچ کو ناکام بناکر ان کا اصل چہرہ قوم دنیا اورپاکستانی عوام کے سامنے واضح کردیاہے۔ عمران خان عوام کے ساتھ تمام وعدے جھوٹ کا پلندا ثابت ہوئے۔ اب عمران خان کو تمام حساب دینا ہوگا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے صوبائی سیکرٹریٹ مسلم لیگ (ن ) میں یوم ”تکبیر” کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سٹی جنرل سیکرٹری پشاور سعید بٹ ،سٹی صدر پشاور ملک ندیم ،راشد محمودا ور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔انجینئر امیر مقام نے کہاکہ 28مئی ،ایک تاریخی دن ہے میں اس دن کو یوم تحفظ پاکستان کہوں گا۔
آج کے دن 28مئی 1998ء کو انڈیا کے ایٹمی دھماکوں کے نتیجے میں پاکستان نے جوابی طورپر بلوچستان کے علاقے چاغی میں ایٹمی دھماکہ کرکے دنیا میں ساتواں اور اسلامی ممالک میں پہلا ایٹمی ملک بن گیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں اور اسلامی دنیا کو یوم تکبیر پورے جوش وجذبے کے ساتھ منانا چاہیے کیونکہ ایٹمی طاقت بننے کی وجہ سے اب پاکستان کی جانب کوئی بھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔پاکستانی ایٹمی پروگرام میں ذوالفقار علی بھٹو شہید اور فوجی حکام سمیت دیگر متعلقہ اداروں نے دوررس کردار اد اکیاہے جن کی خدمات کو کبھی بھی نہیں بھلایا جا سکتا۔
انہوں نے کہاکہ 1998ء میں ایٹمی دھماکے کرناایک مشکل فیصلہ تھا لیکن مسلم لیگ(ن) کے قائدمیاں نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کرنے کا عظیم فیصلہ کیا جس پر پاکستانی قوم اور مسلم دنیا انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ انڈیاکے ایٹمی دھماکوں کے بعد مغرب کی جانب سے پاکستان کوایٹمی دھماکے نہ کرنے کی دھمکی دی گئی کہ انہیں پتھر کے دور میں پہنچادیاجائے گا۔
لیکن میاں نوازشریف 28مئی 1998ء کو ایٹمی دھماکے کرکے ان پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے وہ اپنے دفاع سے غافل نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ 28مئی جیسے فیصلے مستقبل میں بھی پاکستان کی دفاع کیلئے ہونے چاہیے تاکہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابل تسخیر ہو۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان لانگ مارچ کے دوران خیبرپختونخوا حکومت کے وسائل کو بے دردی سے استعمال کیا جس میں قابل ذکر ہیلی کاپٹر کااستعمال ہے ۔عمران خان کو خیبرپختونخوا حکومت کے وسائل کو استعمال کے حوالے سے قوم کو حساب دیناہوگا۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کے عوام کو عمران خان کے لانگ مارچ ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کے غیور عوام نے عمران خان کا اصل چہرہ ملک اور قوم کے سامنے واضح کردیاہے خیبرپختونخوا اور پاکستانی عوام آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروانے میں اپنا کرداراداکرے۔انشاء اﷲ (ن) لیگ روپے کی گراوٹ ، ڈالر اونچی اڑان اور تیل وبجلی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے دوررس اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) پرامید ہے کہ میاں نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کرکے دوبارہ خوشحالی کی طرف لے جا ئے گی۔