شیخوپورہ۔ 16 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے عمران خان سیاسی تاریخ کا عبرتناک نام بن چکے اب انکی پاکستان کی سیاست میں کوئی گنجائش نہیں، اسکے 9مئی کے ملک دشمن ایجنڈے کو قوم دفن کرچکی ، اسے اور اسکے ساتھیوں کو ہر صورت لوٹ مار اور ملک دشمنی کا حساب دینا پڑے گا ، (ن) لیگ پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے ، کسی جماعت کیساتھ سیاسی الیکشن اتحاد نہیں کرے گی ہر حلقہ میں اپنا امیدوار دیں گے اور میاں نواز شریف الیکشن سے قبل نہ صرف وطن واپس آئیں گے بلکہ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بھی بنیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی پی 142کے امیدوار چوہدری شہباز چھینہ کے ہمراہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہم کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن میں قوم کے پاس جارہے ہیں ، قوم جان چکی میاں نواز شریف ہی پاکستان کے مسائل حل کرسکتے ہیں ، وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی دن رات کی محنت سے پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے نہ صرف بچا بلکہ ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ خواب دیکھنا بری بات نہیں ہے ، پیپلز پارٹی آنیوالے الیکشن میں ہماری سیاسی حریف ہوگی ، جو جیتے گا وہی حکومت بنائے گا، اسی پارٹی کا وزیراعظم ہوگا ،
ہم میاں نواز شریف کو وزیر اعظم بنانے کی خواہش کررہے ہیں یہی قوم کی آواز ہے کیونکہ قوم جانتی ہے میاں نواز شریف نے سی پیک، موٹرویز، بجلی کے کارخانے لگائے، قوم اور ملک کو خوشحال کیا ، اگر انکی حکومت کیخلاف سازشیں نہ کی جاتیں اور انکی حکومت کاتسلسل رہتا تو آج پاکستان ایشیا کا معاشی اقتصادی ٹائیگر بنا ہوتا، میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف پاکستان کی خوشحالی کا دوسرا نام ہے۔